ناندیڑ: مدینة العلوم ہائی اسکول میں خسرہ اور روبیلا ٹیکہ اندوزی مہم کا انعقاد

ناندیڑ: 24 دسمبر : (ورق ِتازہ نیوز) آج ناندیڑ کے معروف تعلیمی ادارہ مدینتہ العلوم ہائی اسکول میں حکومت ہند اور عالمی تنظیم برائے صحت WHO کی جانب سے 9 ماہ سے لیکر 15 سال تک کے تمام عمر کے بچوں کو ٹیکہ اندوزی مہم کے تحت اسکول ہذا کے طلبہ و طالبات کو صدر معلّمہ انصاری نثار فاطمہ میڈم اور انچارج معلّم سیّد جاوید علی سر اور انچارج معلّمہ خان نکہت یاسمین میڈم کی زیر سرپرستی اور نوڈل آفیسرز معلّم عبدالرّحیم اور معلّمہ محمدی عظمیٰ خان کی بہترین نگرانی میں ٹیکہ اندوزی کی گئی.

طلبہ و طالبات نے اپنے والدین کے ساتھ اس قومی مہم میں حصہ لیا. تقریباً ایک ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے اس ٹیکہ کو حاصل کیا. یہ ٹیکہ اندوزی مہم ٹھیک صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہی. جس میں ڈاکٹر محمد بدیع الدّین اور ڈاکٹر رضوان احمد کی پوری ٹیم موجود تھی. جس نے بحسن و خوبی اپنے فرائض سرانجام دیئے. بعد ازاں ضلع کلکٹر شری ارون ڈونگرے نے مجلس انتظامی کے صدر شفیع احمد قریشی اور سیکریٹری ایڈوکیٹ محمد بہائ الدّین کے ہمراہ اسکول ہذا کا دورہ کر کے تمام انتظامات کا معائنہ کیا اور دلی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نوڈل آفیسرز کے انتظامات کی بھرپور ستائش کی. ٹیکہ اندوزی کے بعد ہر طلبہ و طالبات کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے گئے.

واضح رہے کہ اس سے قبل اسکول ہذا کی جانب سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کر کے زوروشور سے ٹیکہ بیداری مہم چلائی گئی تھی جس میں طلبائ کے مابین بیت بازی، ڈرامے، مہندی ڈیزائن مقابلہ، پوسٹر میکنگ مقابلہ، کوئز مقابلہ، سرپرست نشست اور بالخصوص مسلم علاقوں میں ریلی وغیرہ شامل تھے. اس موقع پر اسکول ہذا کی صدر معلّمہ انصاری نثار فاطمہ میڈم نے سرپرست حضرات کو مفت ٹیکہ اندوزی مہم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے بچوں کو ٹیکہ لگانے کی پ±ر زور اپیل کی.

علاوہ ازیں انہوں نے نوڈل آفیسرز معلّم عبدالرّحیم اور معلّمہ محمدی عظمیٰ خان کی انتھک محنت اور بہترین کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے خوب پذیرائی کی اور ساتھ ہی ساتھ ٹیکہ اندوزی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے اور بالخصوص سرپرست حضرات کے بھرپور تعاون کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کیا.

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading