عمران پرتاپ گڑھی کی نظم پر فتویٰ جاری، عوامی معافی اور تجدید ایمان کا مطالبہ

بریلی: کانگریس کے راجیہ سبھا رکن اور معروف شاعر عمران پرتاپ گڑھی کی نظم ’’اے میرے والد محترم‘‘ کے ایک شعر پر مذہبی تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ بریلی میں درگاہ زندہ شاہ مدار کے سجادہ نشین سید انتخاب عالم جعفری نے نظم کے متنازعہ شعر پر اعتراض کرتے ہوئے عمران پرتاپ گڑھی سے عوامی معافی مانگنے اور تجدید ایمان کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس معاملے میں فتویٰ جاری کیے جانے کی اطلاع بھی سامنے آئی ہے۔

14 نومبر کو یوپی جے اے پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران سید انتخاب عالم جعفری نے عمران پرتاپ گڑھی کی نظم کے ایک شعر پر سخت اعتراضات پیش کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران پرتاپ گڑھی مسلمانوں کے مسائل پر پارلیمنٹ میں آواز اٹھاتے ہیں اور مسلم معاشرے میں ان کی نمایاں شناخت ہے، لیکن نظم کا ایک شعر اسلامی عقائد کے اعتبار سے قابل اعتراض ہے۔

سید انتخاب عالم جعفری نے کہا کہ اسلام میں اللہ تعالیٰ کی ذات سب سے اعلیٰ اور برتر ہے۔ کسی بھی انسان کو اللہ تعالیٰ سے بڑھ کر قرار دینا عقیدہ توحید کے خلاف ہے۔ والدین کی محبت، احترام اور خدمت اپنی جگہ انتہائی اہم ہے، تاہم اللہ تعالیٰ کے مقام و مرتبے سے کسی کو بالاتر نہیں سمجھا جاسکتا۔

انہوں نے قرآن مجید کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے عمران پرتاپ گڑھی سے مطالبہ کیا کہ وہ متنازعہ شعر کے سلسلے میں عوامی طور پر معافی مانگیں اور تجدید ایمان کریں۔

اس معاملے کے سامنے آنے کے بعد عمران پرتاپ گڑھی کی نظم اور اس کے اشعار کو لے کر مذہبی و سماجی حلقوں میں بحث شروع ہوگئی ہے۔ نظم کے مفہوم اور اس میں استعمال کیے گئے الفاظ کے حوالے سے مختلف آراء سامنے آنے کا امکان ہے۔مکمل نظم یہاں سنیں