حیدرآباد: یہاں کے عنبرپیٹ علاقے میں واقع مکرَم ہوٹل سے مندی بریانی منگوا کر کھانے کے بعد ایک ہی خاندان کے 9 افراد، جن میں 5 کمسن بچے بھی شامل ہیں، فوڈ پوائزننگ کا شکار ہوگئے۔ متاثرہ افراد کو قے اور دست کی شکایت کے بعد پہلے ایک مقامی خانگی ہاسپٹل میں علاج کروایا گیا، تاہم ایک خاتون کی طبیعت زیادہ بگڑنے اور اعصابی نظام سے متعلق مسئلہ پیدا ہونے پر تمام متاثرین کو بہتر علاج کے لیے عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ یہ واقعہ 15 نومبر کو پیش آیا تھا، جو اب منظر عام پر آیا ہے۔
عنبرپیٹ میں رہنے والے ایک خاندان نے 15 نومبر کو گاندھی کے مجسمے کے قریب واقع مکرَم بریانی ہوٹل سے مندی بریانی منگوائی تھی۔ خاندان کے افراد نے اپنے رشتہ داروں کے ساتھ مل کر یہ کھانا کھایا، تاہم کچھ ہی دیر بعد اُن میں سے 9 افراد کی طبیعت خراب ہوگئی۔ متاثرین کو شدید قے اور دست کی شکایت ہونے لگی۔ اس پر خاندان کے افراد نے ہوٹل کے مالک سے بھی بازپرس کی، جس کے بعد متاثرین کو مقامی خانگی ہاسپٹل میں طبی امداد فراہم کی گئی۔
تاہم متاثرین میں شامل ایک خاتون کی حالت تشویشناک ہوگئی اور انہیں اعصابی نظام سے متعلق مسئلہ پیش آیا۔ اس کے بعد چہارشنبہ کے روز تمام متاثرین کو مزید بہتر علاج کے لیے نلہ کنٹہ کے سرکاری فیور ہاسپٹل لے جایا گیا۔ چونکہ متاثرین میں کم عمر بچے بھی شامل تھے اور فیور ہاسپٹل میں 7 سال سے کم عمر بچوں کا علاج نہیں کیا جاتا، اس لیے خانگی ہاسپٹل کی طبی رپورٹوں کا جائزہ لینے کے بعد تمام متاثرین کو مزید علاج کے لیے عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
فوڈ پوائزننگ سے متاثر ہونے والوں میں سید نسیم سلطانہ، خدیجۃ الکبریٰ، آسمہ سلطانہ اور کاچی گوڑہ کے نہرو نگر سے تعلق رکھنے والے محمد عامر بھی شامل ہیں۔اس واقعہ نے شہر کے ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس میں کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری کے دوران صفائی ستھرائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات پر ایک بار پھر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔