ناندیڑ: رافیل گھوٹالے کی تحقیقات کیلئے کانگریس کازبردست احتجاج

ناندیڑ۔24دسمبر(ور ق تازہ نیوز) : فوجی طیارے رافیل کی خریدی میں بڑے پیمانے پر مرکز کی مودی حکومت نے گھوٹالہ کیا ہے۔ رافیل گھوٹالے کی تحقیقات کے لئے جوائنٹ پارلیمنٹ کمیٹی تشکیل دے کر اُس کے ذریعہ سے آزادانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے آج ناندیڑ کلکٹر آفس کے روبرو پر زور احتجاج کیا۔

آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری و مہاراشٹر کے جوائنٹ انچارج سمپت کمار اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی حکومت نے لوک سبھا سے قبل عوام کو اچھے دن کا جھانسہ دے کر اقتدار حاصل کیا تھا۔ ۴ سال میں اچھے دن تو آئے نہیں مگر عوام اچھے دنوں سے محروم ہوگئی ہے۔ مودی دورِ حکومت میں فوجی طیاروں کی خریدی میں ہزاروں کروڑ روپیئے کا گھوٹالہ پیش آیا ہے۔ حکومت نے سپریم کورٹ کو تک اس معاملہ میں گمراہ کیا ہے۔ اس گھوٹالے کی آزادانہ تحقیقات کے لئے جے پی سی کی تشکیل ضروری ہے۔ سمپت کمار نے کہا کہ پچھلے دنوں تین ریاستوں کے نتائج سے واضح ہوچکا ہے کہ مودی حکومت اب واپس گھر لوٹنے والی ہے اور کانگریس دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔

اس موقع پر کانگریس کے شہر صدر و ایم ایل سی امر ناتھ راجورکر‘ ڈی پی ساونت‘ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مودی حکومت کے خلاف کانگریسی قائدین و ورکرس نے بڑے پیمانے پر نعرہ بازی کی۔ صبح گیارہ بجے سے تقریبا ۲ گھنٹوں تک کلکٹر آفس کے روبرو پر زور احتجاج کیا گیا۔ ضلع کلکٹر ارون ڈونگرے سے ملاقات کرکے انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ رافیل گھوٹالے کی تحقیقات کے لئے جے پی سی تشکیل دی جائے۔

اس موقع پر ضلع پریشد صدر شانتا بائی‘ میئر بلدیہ شیلا بھورے‘ ڈپٹی میئر ونئے پاٹل‘ ہاﺅس لیڈر وریندر سنگھ‘ چیئر مین فاروق علی خان‘ سابق چیئر مین شمیم عبداللہ‘ مسعود احمد خان‘ صابر چاﺅش ‘ عبداللطیف ‘ محمد ناصر‘ فاروق بدویل‘ عبدالحفیظ باغبان سمیت کانگریس پارٹی کے کارپوریٹرس ‘ ضلع پریشد ممبران‘ شہر و ضلع کانگریس کمیٹی کے عہدیداران‘ بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Leave a comment