نئی دہلی: 20۔ مئی ۔بھارت میں ایتھنول ملاوٹ والے ایندھن کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے بیورو آف انڈین اسٹینڈرڈز (BIS) نے نئے معیارات جاری کر دیے ہیں۔ E20 پٹرول کے بعد اب E22، E25، E27 اور E30 جیسے زیادہ ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول کے لیے باضابطہ فیول اسپیسفکیشن طے کیے گئے ہیں۔ اسے بھارت کے ایتھنول بلینڈنگ پروگرام اور متبادل ایندھن کے استعمال کی سمت ایک اہم قدم مانا جا رہا ہے۔
مرکزی حکومت نے 15 مئی 2026 کو اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اس کے مطابق BIS نے E22، E25، E27 اور E30 ایندھن کے لیے سرکاری معیار مقرر کر دیے ہیں، جس سے ملک میں زیادہ ایتھنول ملاوٹ والے پٹرول کے استعمال کو رسمی منظوری مل گئی ہے۔
بھارت اس وقت ایتھنول بلینڈنگ کو بڑے پیمانے پر فروغ دے رہا ہے۔ اس اقدام کے پیچھے خام تیل کی درآمد پر انحصار کم کرنا، آلودگی میں کمی لانا اور ملک کے اندر شوگر و بایو فیول صنعت کو تقویت دینا اہم مقاصد ہیں۔
اس فیصلے کا آل انڈیا ڈسٹلری ایسوسی ایشن (AIDA) نے خیرمقدم کیا ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ فیصلہ بھارت کے ایتھنول پروگرام کے لیے نہایت اہم اور بروقت قدم ہے۔ ادارے کے صدر وجیندر سنگھ نے کہا کہ E22 سے E30 فیول کے لیے BIS معیارات کا اجرا صرف ایک تکنیکی نوٹیفکیشن نہیں بلکہ دور اندیشی پر مبنی اہم فیصلہ ہے، جو مستقبل میں توانائی کے متبادل ذرائع کو مضبوط کرے گا۔