ناندیڑ، 21 مئی:(ورق تازہ نیوز) ناندیڑپولس کی جانب سے جاری ’’آپریشن کریک ڈاؤن‘‘ کے تحت غیر قانونی طور پر گوونش جانور رکھنے اور ذبیحہ کے مقصد سے انہیں جمع کرنے والوں کے خلاف بڑی کارروائی انجام دی گئی۔ اس دوران مکرم آباد پولیس اسٹیشن کی حدود سے 44 جبکہ اتوارہ پولیس اسٹیشن کی حدود سے 18 گوونش جانور ضبط کیے گئے۔ مجموعی طور پر 18 لاکھ 15 ہزار روپے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔پولیس کے مطابق مکرام آباد پولیس اسٹیشن میں مہاراشٹر حیوانی تحفظ قانون اور جانوروں پر ظلم کی روک تھام قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اس معاملہ میں رفیق غوث صاحب قریشی (45 سال)، امجد شکور صاحب قریشی (32 سال) اور عثمان شکور صاحب قریشی (35 سال)، ساکنان مکرام آباد تعلقہ مُکھیڑ، کو ملزم بنایا گیا ہے۔ ان کے قبضہ سے ایک بیل اور 43 گائے سمیت کل 44 گوونش جانور ضبط کیے گئے جن کی مالیت 11 لاکھ 85 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔اسی طرح اتوارہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں رحمت نگر، محمدیہ مسجد کے قریب ایک بند مکان سے 18 گوونش جانور برآمد کیے گئے۔ اس معاملہ میں غیور قریشی شیخ رحیم (52 سال) ساکن رحمت نگر، ناندیڑ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ ضبط شدہ جانوروں کی مالیت 6 لاکھ 30 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق یہ تمام جانور بغیر چارہ اور پانی کے نہایت خراب حالت میں ذبیحہ کے مقصد سے باندھ کر رکھے گئے تھے۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے جانوروں کو ضبط کیا۔یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ اویناش کمار کی ہدایت پر ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارچنا پاٹل ٗسورج گورو اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر سنکیت پاٹل کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔اس کارروائی میں پولیس سب انسپکٹر رمیش گائیکواڑ، ولاس پوار، کرشنا تلوارے، رنجیت مدیراج، شیخ جاوید، نظرِ اعظم دیشمکھ اور دیگر پولیس اہلکار شامل تھے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ نے کارروائی انجام دینے والی ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔