مودی پر ڈاکومنٹری: گودھرا واقعہ کی تمثیل میں ریل کوچ جلایا گیا

وڈوڈرا ، 4 مارچ ۔ ریلوے کے ایک غیرمستعملہ کوچ کو وزیراعظم نریندر مودی پر تیاری کی جارہی ایک ڈاکومنٹری کیلئے 2002ءکے گودھرا ٹرین آتشزدگی واقعہ کی تمثیل کے دوران گزشتہ روز نذر آتش کیا گیا۔ اس کوچ کو جسے ویسٹرن ریلوے کے عہدہ دار نے ”تمثیلی مشق کی بوگی“ قرار دیا، آگ لگائی گئی حالانکہ ڈاکومنٹری فلم کے عملہ کو ہدایات تھیں کہ اسے شوٹنگ کے بعد وہی حالت میں واپس کیا جانا ہے جیسے یہ فراہم کیا گیا۔ نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ سے آج بات کرتے ہوئے وڈوڈرا ریلوے ڈیویژن کے ترجمان کھیمراج مینا نے کہا کہ ڈاکومنٹری کیلئے فراہم کردہ کوچ غیرمستعملہ تمثیلی مشق والی بوگی تھا۔ اسے فلم والوں کو اس شرط پر دیا گیا تھا کہ اسے وہی حالت میں واپس کریں گے جس طرح اسے دیا گیا۔ ہم نے اس کے استعمال کی قیمت وصول کی ہے۔ ڈاکومنٹری کے ڈائریکٹر اومیش شکلا نے کہا کہ گودھرا ٹرین آتشزدگی کا منظر ڈبلیو آر کے پرتاپ نگر اسٹیشن پر فلمایا گیا اور اس کیلئے وہاں کوچ کیئر سنٹر کے قریب ایک سٹ تعمیر کیا گیا۔ڈاکومنٹری کے پروڈیوسرز کو پرتاپ نگر اور وشوامتری اسٹیشنوں پر براڈ اور دیگر گیج کی روٹس پر شوٹنگ کیلئے چار روزہ اجازت دی گئی تھی۔ آج ڈبلیو آر اسٹیشنوں میں شوٹنگ کیلئے آخری دن رہا۔گجرات میں شوٹنگ کے سوپروائزنگ ایگزیکیٹو جئے راج گادھوی نے کہا کہ اس کوچ کو ٹرین کو باہر سے جلانے کے منظر کیلئے استعمال کیا گیا۔ 2002ءگودھرا واقعہ کے دوران کوچ کے اندرون پیش آئے مناظر کی تمثیل کو ممبئی میں اس مقصد کیلئے تعمیر کردہ سٹ میں فلمایا جائے گا۔ 27 فبروری 2002ءکو گودھرا ٹرین آتشزدگی واقعہ میں 59 کارسیوک ہلاک ہوئے تھے، جس پر گجرات کی تاریخ کے بدترین فرقہ وارانہ فسادات پیش آئے جن میں زائد از 1,000 افراد مارے گئے، جو زیادہ تر اقلیتی برادری سے تھے۔ وزیراعظم مودی اُس وقت چیف منسٹر گجرات تھے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading