پلوامہ:16فروری ۔(ایجنسیز)جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کو ہلاکت خیز خودکش آئی ای ڈی دھماکہ میں زخمی مزید 5سی آر پی ایف اہلکار دم توڑ گئے ہیں۔ اس کے ساتھ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 49 ہوگئی ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس ملٹری اسپتال میں زیر علاج مزید پانچ اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ اس ہلاکت خیز خودکش بم دھماکہ کے مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 49 ہوگئی ہے۔ اسپتال میں ہنوز زیر علاج اہلکاروں کی تعداد 30 بتائی جارہی ہے۔مہلوک سی آر پی ایف اہلکاروں کا تعلق 76، 45، 176، 115 ، 92، 82، 75، 61، 35، 21، 98 اور 118 بٹالین سے ہے۔ مہلوک اہلکاروں میں کم از کم 10 ہیڈ کانسٹیبل جبکہ باقی کانسٹیبل تھے۔پلوامہ حملہ وادی میں 1990 کی دہائی میں شروع ہوئی مسلح شورش کے دوران اپنی نوعیت کا سب سے بڑاخودکش حملہ ہے۔ جنگجو?ں کی جانب سے یہ تباہ کن خودکش دھماکہ ایک کار کے ذریعے کیا گیا۔پاکستانی جنگجو تنظیم جیش محمد نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ جیش محمد نے ایک مقامی خبررساں ایجنسی جی این ایس کو بھیجے گئے بیان میں خودکش حملہ آور کی شناخت عادل احمد ڈار عرف وقاص کمانڈو ساکنہ گنڈی باغ کاکہ پورہ پلوامہ کے بطور کی ہے۔ حملہ آور کی تصویر اور ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں سی آر پی ایف کی درجنوں گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں۔