نئی دہلی :جموں وکشمیر کی 32 طالبات کو صحیح سلامت ان کے گھر پہنچانے کی ذمہ داری اٹھانے والے سکھ برادری کے تین دوستوں کی کہانی سوشل میڈیا پر خوب تعریفیں بٹور رہی ہے۔ کوئی انہیں 32 طالبات کے لئے فرشتہ بتا رہا ہے تو کوئی فلم بجرنگی بھائی جان کا کردار یاد دلا رہا ہے جس میں سلمان خان( بجرنگی بھائی جان) جان کو جوکھم میں ڈال کر پاکستان کی ایک بچی کو گھر پہنچاتے ہیں۔ سوشل میڈیا ہی نہیں کشمیر میں تعینات فوجی افسران نے بھی ان تین دوستوں کے جذبہ کی ستائش کی ہے۔جموں وکشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد نرسنگ کی پڑھائی کر رہیں 32 لڑکیاں سوشل میڈیا پر کشمیریوں کو لے کر وائرل میسیج کی وجہ سے خوف زدہ تھیں۔ بری طرح سے ڈریں یہ لڑکیاں کسی بھی قیمت پر اپنے گھر واپس جانا چاہتی تھیں، لیکن کشمیر کے حالات ایسے نہیں تھے کہ وہ واپس لوٹ پاتیں۔ ایسے میں ایک فیس بک پوسٹ پڑھ کر ان لڑکیوں نے ان لوگوں سے رابطہ قائم کیا۔دہلی کے تین دوست ہرمیندر سنگھ اہلووالیا، ارمیت سنگھ اور بلجیت سنگھ ببلو آگے آئے اور ان کو صحیح سلامت ان کے گھر پہنچایا۔