نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے سنیچر کے روز دہلی میں شاہ رخ خان، عامر خان اور کنگنا رناوت سمیت سینما اور فن کے شعبے سے منسلک مشہور شخصیات سے ملاقات کی اور ان سے مہاتما گاندھی کے خیالات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم مودی نے ان مشہور شخصیات سے اپیل کی کہ وہ سنیما کے ذریعہ مہاتما گاندھی کے نظریات اور اقدار کو فروغ دیں تاکہ نوجوان گاندھی کے نظریات سے ہم آہنگ ہو سکیں۔
نریندر مودی نے کہا ’ہماری فلمیں، موسیقی اور رقص لوگوں اور معاشروں کو جوڑنے کا ایک بہت اچھا ذریعہ بن چکے ہیں۔‘بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان، عامر خان، کنگنا رناوت، جیکلین فرنینڈس، ہدایتکار امتیاز علی، ایکتا کپور، انوراگ باسو، بونی کپور اور دیگر معروف شخصیات اس تقریب میں موجود تھے، جو مہاتما گاندھی کی پیدائش کے 150 برس پورے ہونے پر رکھی گئی تھی۔