ممبئی:بھوپال کی نومنتخب رکن پارلیمنٹ اورمالیگاوں بلاسٹ معاملے کی ملزم سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکرکو این آئی اے کی خصوصی عدالت سے جھٹکا لگا ہے۔ ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت نے سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکرکوایک ہفتہ میں ایک بارپیش ہونے سے مستقل چھوٹ دینے سے متعلق عرضی کومسترد کردیا ہے۔پرگیہ سنگھ ٹھاکرنے چھوٹ کے لئےعدالت میں درخواست دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ رکن پارلیمنٹ ہیں اورانہیں دن بدن پارلیمنٹ کی کارروائی میں حصہ لینا ہوتا ہے۔ حالانکہ عدالت نے انہیں صرف ایک دن کےلئےجمعرات (20 جون) کےلئےعدالت میں پیشی سے چھوٹ دے دی ہے۔ واضح رہےکہ مالیگاوں بلاسٹ معاملے میں پرگیہ سنگھ ٹھاکرکوہفتہ میں ایک بار ممبئی میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیشی کےلئے جانا ہوتا ہے۔