ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران کے خلاف کوئی نئی فوجی کارروائی کی تو جنگ کا دائرہ اور مقام ایران کی مسلح افواج طے کریں گی۔
انھوں نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا: ’ہمارے لیے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ امریکہ مذاکرات کرنا چاہتا ہے یا جنگ۔ اگر اس بار امریکی کوئی غلطی کرتے ہیں تو جنگ کا جغرافیہ ایران کی مسلح افواج کی صلاحیت اور ارادہ طے کرے گا۔قالیباف نے مزید کہا کہ ’نئی جنگ کا دھواں بہت سے لوگوں کی آنکھوں میں جائے گا۔‘
حال ہی میں مجتبیٰ خامنہ ای کی سرکاری ویب سائٹ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے ایرانی مسلح افواج کے کمانڈروں سے ملاقات کے دوران ہدایت دی ہے کہ دشمن کی کسی بھی دھمکی کا ’فوری اور جغرافیائی حدود کی پابندی کے بغیر‘ جواب دیا جائے۔
اسی تناظر میں ایران کی ایک زیرِ زمین میزائل تنصیب کے دورے کے دوران مسلح افواج کے چیف آف سٹاف علی عبداللہی نے خبردار کیا تھا کہ ایران پر کسی نئے حملے کی صورت میں اسلامی جمہوریہ کا ردعمل مشرقِ وسطیٰ سے باہر بھی پھیل سکتا ہے۔
یہ بیان بھی مجتبیٰ خامنہ ای کی انہی ہدایات کے بعد سامنے آیا، جن میں دشمن کے خلاف فوری اور بغیر جغرافیائی پابندی کے جواب دینے پر زور دیا گیا تھا۔
اس سے قبل حسین محبی، جو پاسدارانِ انقلاب فورس کے ترجمان ہیں، نے کہا تھا کہ ایران نے میزائلوں کی مار کی حد سے متعلق پابندیاں ختم کر دی ہیں اور میزائل و ڈرونز کی پیداوار کی تنصیبات زیرِ زمین منتقل کر دی ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق اس وقت ایران کے میزائلوں کی مؤثر حدِ مار تقریباً 2,000 سے 2,500 کلومیٹر تک بتائی جاتی ہے۔