جنتر منتر نے بنا دی جوڑی! نیٹ احتجاج میں ملے، پھر شادی کر لی

دہلی: نیٹ یو جی 2026 کے مبینہ پیپر لیک کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر جاری طلبہ احتجاج کے دوران ایک منفرد محبت کی کہانی سامنے آئی ہے، جو اس وقت سوشل میڈیا پر خوب زیرِ بحث ہے۔

اطلاعات کے مطابق بہار کے رہائشی موہن شریواستو گزشتہ تقریباً پندرہ دنوں سے جنتر منتر پر جاری احتجاج میں شریک تھے۔ اسی دوران دہلی کی ایک نیٹ امیدوار طالبہ روزانہ ان کے لیے کھانا اور دیگر ضروری اشیاء لے کر آتی تھی۔ مسلسل ملاقاتوں کے باعث دونوں کے درمیان دوستی ہوئی، جو آہستہ آہستہ محبت میں بدل گئی۔

احتجاج کے دوران پولیس کارروائی میں موہن زخمی ہوگئے، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دوران طالبہ نے ان کی تیمارداری کی۔ اسی عرصے میں دونوں نے ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کیا اور بعد ازاں ایک مندر میں سادہ تقریب کے دوران شادی کر لی۔

شادی کے بعد موہن شریواستو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان نے ابھی تک اس رشتے کو مکمل طور پر قبول نہیں کیا ہے۔ دوسری جانب طالبہ نے کہا کہ محبت کب اور کہاں ہو جائے، اس کا اندازہ لگانا ممکن نہیں۔

نیٹ پیپر لیک کے خلاف جاری ملک گیر احتجاج اور جنتر منتر پر ہونے والی مسلسل سرگرمیوں کے درمیان یہ محبت کی داستان لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین اس واقعے کو "جنتر منتر کی لو اسٹوری” کے نام سے شیئر کر رہے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading