ملبورن:28ڈسمبر ۔ٹیم انڈیا کے پہلی اننگز کے اسکور 443 کے جواب میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آسٹریلیا اپنی پہلی اننگز میں 151 رن پر ہی ڈھیڑ ہوگئی اور ٹیم انڈیا کو 292 رنوں کی بڑی سبقت حاصل ہوئی۔ ٹیم انڈیا نے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک پانچ وکٹ گنواکر 54 رن بنالئے تھے اور اس طرح اب اس کو 346 رنوں کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔ سلامی بلے باز مینک اگروال 28 اور ریشبھ پنت 6 رن بناکر ناٹ آوٹ ہیں۔کنگارو ٹیم کی دھجیاں اڑانے میں ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے اہم رول ادا کیا اور 33 رن دے کر چھ وکٹ جھٹکے۔ اس دوران اس نوجوان تیز گیند باز نے کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کرلئے۔دائیں ہاتھ کے اس تیز گیند باز نے اسی سال ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا ہے۔ انہوں نے اب تک نو میچ میں 21.24 کی اوسط سے 45 وکٹ لئے ہیں ، جو کہ ڈیبیو سال میں سب سے زیادہ وکٹ لینے کا ورلڈ ریکارڈ ہے۔ اس سے پہلے آسٹریلیا کے ایلڈرمین نے 1981 اور ویسٹ انڈیز کے کرٹلی ایمبروس نے 1988 میں 42-42 وکٹ لئے تھے۔پچیس سالہ جسپریت بمراہ نے ملبورن میں آسٹریلیا کے خلاف پہلی اننگز میں 15.5 اوور میں 33 رن دے کر چھ وکٹ جھٹکے ، جو کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی شاندار کارکردگی ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ جنوبی افریقہ ، انگلینڈ اور آسٹریلیا میں ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زائد وکٹ لینے والے پہلے ایشیائی گیند باز بن گئے ہیں۔