بھیونڈی ( شارف انصاری ):- آنجہانی راجيو گاندھی فلائی اوور برج پر ٹرک ڈرائیور کا کنٹرول چھوٹ جانے سے ٹرک برج پر پلٹ گیا ۔ اس حادثے میں ڈرائیور اور کلینر زخمی ہوگئے ۔ جنہیں علاج کیلئے ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ ڈاکٹروں نے دونوں زخمیوں کی حالت بہتر بتائی ہے ۔
حادثے کی وجہ سے پل پر گھنٹوں تک راہگیروں کو ٹریفک جام کے شدید مسائل سے گزرنا پڑا ۔ٹرک ہٹ جانے کے بعد لوگوں کو ٹریفک جام سے نجات ملی ۔ معلومات کے مطابق آج دوپہر کے دوران ایک ٹرک راجیو گاندھی فلائی اوور برج کے اوپر سے گزر رہا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق ایس ٹی اسٹینڈ کے سامنے فلائی اوور برج کے اوپر جا رہے ٹرک کو کار نے اوور ٹیک کیا جس کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور کا ٹرک کی اسٹیرنگ سے کنٹرول چھوٹ گیا اور ٹرک سیدھا ڈیوائیڈر سے جاکر ٹکرانے کے سبب الٹ گیا ۔


اس دوران ٹرک کے پلٹنے سے اس کے نیچے آکر ڈرائیور اور کلینر دب گئے جنہیں شدید چوٹیں لگی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ٹرک ڈیوائیڈر پر ٹکراکر فلائی اوور برج کے نیچے نہیں گرا ۔ جس سے ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا ۔ حادثے کے وقت فلائی اوور برج تقریبا گاڑیوں اور ڈرائیوروں سے خالی ہونے کی وجہ سے بھی ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ۔