اسلام آباد ۔دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سرغنہ مسعود اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ بالاکوٹ میں کئے گئے فضائی حملہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔ جیش محمد کے ہفت روزہ ترجمان الکلام میں شائع ایک مضمون میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ مضمون مسعود نے ہی لکھا ہے۔ مضمون میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’ سبھی زندہ ہیں اور سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے‘۔
ہندوستان ٹائمس کی رپورٹ کے مطابق، اس مضمون میں مسعود اظہر نے وزیر اعظم نریندر مودی کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ائیر اسٹرائک سے جیش کے ٹھکانوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ حالانکہ، ذرائع نے کہا کہ یہ طے کرنا مشکل ہے کہ کیا اظہر نے سچ میں اس مضمون کو لکھا ہے۔ پھر بھی ہفت روزہ الکلام کو جیش محمد کا ترجمان مانا جاتا ہے۔