اہم خبریں: ’’وقت آ گیا ہے جب دہلی کے ’مدرسوں‘ میں بھی ہنومان چالیسا پڑھایا جائے‘‘


وقت آ گیا ہے جب دہلی کے مدرسوں میں بھی ہنومان چالیسا پڑھایا جائے: کیلاش وجے ورگیہ

دہلی اسمبلی الیکشن میں شکست کے بعد بی جے پی لیڈروں کو اپنے دفاع کا کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا ہے تو متنازعہ بیان دینے کا سلسلہ ہی جاری رکھنا انھوں نے بہتر سمجھ لیا ہے۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اروند کیجریوال کو جیت کے لیے مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ اب وہ دہلی کے اسکولوں و مدرسوں میں ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرائیں۔

دراصل کیلاش وجے ورگیہ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’یقیناً جو ہنومان جی کے قدموں میں آتا ہے اسے آشیرواد ملتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہنومان چالیسا کا پاٹھ دہلی کے سبھی اسکولوں، مدرسوں سمیت سبھی تعلیمی اداروں میں بھی جروری ہو۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’بجرنگ بلی کے رحم و کرم سے اب دہلی میں رہنے والے بچے کیوں محروم رہیں۔‘‘

واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں ہنومان جی کا نام زبردست طریقے سے چھایا ہوا تھا اور خصوصی طور پر 8 فروری یعنی ووٹنگ کے دن سے ایک دن پہلے یعنی جمعہ کو تو بی جے پی نے اروند کیجریوال پر اس بات کو لے کر حملہ کر دیا تھا کہ وہ ہنومان مندر گئے اور جس ہاتھ سے جوتا پکڑا تھا اسی ہاتھ سے ہنومان جی کی پوجا کرنے کے لیے آگے بڑھے۔ بعد ازاں اس معاملے نے طول پکڑا تھا اور سوشل میڈیا پر دونوں پارٹیوں کے لیڈران میں خوب چھینٹا کشی بھی ہوئی تھی۔


دہلی: کیجریوال 16 فروری کو رام لیلا میدان میں لیں گے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف!

عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال دہلی کے وزیر اعلیٰ کے طور پر تیسری بار حلف لینے والے ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق آئندہ 16 فروری کو کیجریوال عہدہ اور رازداری کا حلف لیں گے اور خبریں آ رہی ہیں کہ ایک بار پھر وہ حلف دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں ہی لیں گے۔ حلف برداری تقریب میں کئی معزز سیاسی و سماجی ہستیوں کو مدعو کیے جانے کا بھی امکان ہے۔


یو پی: پرینکا گاندھی آج اعظم گڑھ پولس بربریت میں شکار لوگوں سے کریں گی ملاقات

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وارانسی پہنچی ہیں اور وہ آج اعظم گڑھ کے بیلاریہ گاؤں بھی جائیں گی جہاں وہ ان لوگوں سے ملاقات کریں گی جو شہریت ترمیمی قانون و این آر سی کے خلاف مظاہرہ میں پولس بربریت کا شکار ہوئے تھے۔


میں نے سی اے اے مخالفین اور شاہین باغ کے بارے میں جو کہا اس پر قائم: کپل مشرا

دہلی اسمبلی انتخاب میں عام آدمی پارٹی کو زبردست کامیابی ملی اور بی جے پی کے خواب چکنا چور ہو گئے۔ بی جے پی کے ایسے لیڈران جنھوں نے نفرت انگیز تقریریں کی تھیں، ان کو بھی منھ کی کھانی پڑی۔ لیکن اس شکست کے بعد بھی بی جے پی کے کئی لیڈران نفرت کی زبان بولنے سے باز نہیں آ رہے ہیں۔ ماڈل ٹاؤن سے بی جے پی امیدوار کپل مشرا نے انتخابی تشہیر کے دوران سی اے اے کے خلاف آواز اٹھانے والوں اور شاہین باغ کی خواتین کے تعلق سے کئی متنازعہ بیانات دیے تھے۔ ماڈل ٹاؤن کے ووٹروں نے انھیں پوری طرح سے مسترد کر دیا اور عآپ امیدوار اکھلیش پتی ترپاٹھی کو کامیاب بنا دیا۔ اس شکست کے باوجود کپل مشرا نے نفرت کی زبان بولنا بند نہیں کیا ہے۔ انھوں نے شکست کے بعد ایک ٹوئٹ کیا جس میں لکھا کہ ’’میں سی اے اے مخالفین اور شاہین باغ کے بارے میں جو کچھ کہا، اس پر آج بھی قائم ہوں۔ ڈنکے کی چوٹ پر۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’انتخابی نتیجہ آج امید کے برعکس آیا ہے، کل امید کے مطابق بھی آئے گا۔ اور محنت کریں گے۔ لیکن اس نتیجہ سے سی اے اے یا شاہین باغ پر سوچ بدل لیں گے، یہ غلط فہمی مت پالیے۔‘‘


دہلی: کامیابی کا جشن منا رہے عآپ رکن اسمبلی کے قافلے پر فائرنگ، ایک شخص ہلاک

دہلی الیکشن میں عام آدمی پارٹی کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے اور پارٹی کارکنان پوری دہلی میں اس کا جشن منا رہے تھے۔ اس درمیان مہرولی سے نومنتخب عآپ رکن اسمبلی نریش یادو کے قافلے پر فائرنگ کر دی گئی جس میں ایک عآپ کارکن ہلاک ہو گیا جبکہ ایک کے زخمی ہونے کی خبر ہے جس کا علاج اسپتال میں چل رہا ہے۔ اس فائرنگ واقعہ سے متعلق پولس نے کیس درج کر لیا ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

Leave a comment