اورنگ آباد:(جمیل شیخ): اورنگ آباد ناسک روڈ پر ایک دلخراش حادثہ پیش آیا۔ دو گاڑیوں کے تصادم میں تین افراد کی جائے حادثہ پر ہی موت واقع ہوگئی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ شام چند افراد مہیسمال سے پک اپ وین کے ذریعے نکلے تھے جواورنگ آباد ناسک ہائی وے سے گزررہی تھی کہ اچانک اس وین اور ایس ٹی کارپوریشن کی بس کے درمیان شرناپور ناکے پر تصادم ہوگیا۔ اس دلخراش حادثے میں وین میں سوار تین افرا دکی موت واقع ہوگئی جن میں سومی ناتھ ددھبا امک ان کی اہلیہ سنگیتا امک اور ہیرابائی دیوی داس رائوت نامی خاتون کا شمار ہے ان تینوں کا تعلق ایکتا نگر ہرسول اورنگ آباد سے ہے۔
اطلاع ہے کہ ایس ٹی بس ایک ٹریکٹر کو اوور ٹیک کررہی تھی کہ اسی دوران میں سامنے سے پک اپ وین آگئی اور اچانک دونوں ہی گاڑیوں کے ڈرائیورس کا اسٹرینگ سے توازن بگڑ گیا جس کے نتیجے میں یہ دلخراش حادثہ پیش آیا۔ اس حادثے میں ۳ اموات کے علاوہ چار افراد کے زخمی ہوجانے کی بھی خبر ہے جن کا علاج گھاٹی اسپتال میں کیاجارہا ہے۔ حادثے کا معاملہ متعلقہ پولس اسٹیشن میں درج کیاگیا ہے۔