سلطان پور:یکم فروری۔(ایجنسیز) اترپردیش کے نائب وزیراعلیٰ کیشوپرساد موریہ نےکہا کہ اجودھیا میں ہی بھگوان شری رام کے مندرکی تعمیرہوگی اوروہاں بابرکے نام کی ایک اینٹ بھی نہیں رکھی جائے گی۔ کیشوپرساد موریہ آج سلطان پورمیں واقع پنت اسٹیڈیم میں منعقد خواتین والی بال چیمپئن شپ کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ کیشوپرساد موریہ نے مزید کہا کہ اجودھیا میں ہی شری رام مندرکی تعمیرہوگی۔ یہ سبھی چاہتے ہیں کہ اجودھیا میں جلد ازجلد شری رام کا مندربنے۔ اس کی مخالفت کرنے والےاب کہہ رہے ہیں کہ نریندرمودی نے مندرکےلئے مرکزی حکومت کی جانب سے ہائی کورٹ میں حلف نامہ کیوں دے دیا۔ وہ تورام بھکت کے ساتھ ساتھ قومی بھکت بھی ہیں، لیکن ہم آپ سب کویقین دلادیں کہ رام للا کی جنم بھومی پرہی رام مندرکی تعمیرہوگی، وہاں بابرکے نام پرایک بھی اینٹ نہیں رکھی جائےگی۔انہوں نے کہا کہ مخالفت کرنے والےایک طرف کہتے ہیں کہ بی جے پی مندرنہیں بنا رہی ہے اوردوسری طرف سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ اس معاملے کی سماعت 2019 کے انتخابات کے بعد ہونی چاہئے۔ یہ ان کے لئے انتخابی موضوع ہوگا، لیکن یہ ہماری آستھا سے وابستہ ہے۔ ہم ملک کے مفاد میں جوہوگا وہ کریں گے۔ کیشوپرساد موریہ نے کہا کہ جب سے مرکزمیں مودی اورریاست میں یوگی کی حکومت بنی ہے، تب سے بہت سے مسئلے ختم ہوگئے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ سارے مسائل حل ہوگئے ہیں، لیکن سابقہ حکومت کے مقابلے میں زیادہ ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے بی ایس پی اورایس پی کےگٹھ بندھن پرکہا کہ یہ اتحادعوام کے مفاد میں نہیں بلکہ اپنے مفاد کے لئے کیا گیا ہے۔