مرین ڈرائیو پر راستہ روکو، گرگاؤں چوپاٹی میں احتجاج
ڈاکٹر سمپدا مُنڈے کو انصاف دلانے کے مطالبے پر یوتھ کانگریس کا جارحانہ مظاہرہ
ممبئی: پھلٹن سرکاری اسپتال کی ڈاکٹر سمپدا مُنڈے کی مبینہ خودکشی کے خلاف آج یوتھ کانگریس نے ممبئی میں شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ ’ورشا‘ بنگلے تک مارچ کیا اور مرین ڈرائیو، نریمن پوائنٹ اور گرگاؤں چوپاٹی سمیت متعدد مقامات پر بی جے پی۔مہا یوتی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر سمپدا مُنڈے کی موت کے ذمہ دار افراد کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔
یہ احتجاج مہاراشٹر پردیش یوتھ کانگریس اور ممبئی یوتھ کانگریس کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس میں یوتھ کانگریس کے قومی صدر اُدے بھانو چِب، انچارج منیش شرما، مہاراشٹر پردیش یوتھ کانگریس کے صدر شِوراج مورے، ممبئی یوتھ کانگریس کی صدر زینت شبرین، ریاستی کانگریس کے نائب صدر راجیش شرما، سینئر ترجمان سچن ساونت، انچارج اجے چکارا سمیت سیکڑوں عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔
گرگاؤں چوپاٹی سے شروع ہونے والا یہ احتجاجی مظاہرہ پولیس کے ذریعے روکے جانے کے باوجود ’ورشا‘ بنگلے تک پہنچا۔ حکومت نے احتجاج کو دبانے کے لیے پولیس کی مدد سے مختلف مقامات پر سخت رکاوٹیں کھڑی کیں۔ کئی کارکنان کو چرچ گیٹ اور چرنی روڈ اسٹیشن پر روک کر حراست میں لے لیا گیا، جبکہ گرگاؤں چوپاٹی کے اطراف جگہ جگہ بیریکیڈنگ لگا کر متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ تاہم مشتعل کارکنان نے وانکھیڑے اسٹیڈیم کے قریب مرین ڈرائیو پر راستہ روک کر تقریباً آدھے گھنٹے تک ٹریفک جام کردیا۔ پولیس نے بعد ازاں مظاہرین کو منتشر کرتے ہوئے گرفتاریاں کیں، لیکن اس دوران ریاستی یوتھ کانگریس کے نائب صدر تنویر احمد وِدروہی، لاتور ضلع یوتھ کانگریس کے صدر پروین کمار بِراجدار اور ناگپور دیہی یوتھ کانگریس کے صدر متھلیش کانہرے پولیس کی نگرانی سے نکل کر ’ورشا‘ بنگلے کے باہر پہنچ گئے اور وہاں پُرجوش نعرے بازی کی، جس کے بعد انہیں بھی حراست میں لے لیا گیا۔
ڈاکٹر سمپدا مُنڈے کی موت کے سلسلے میں یوتھ کانگریس کا الزام ہے کہ سابق بی جے پی رکنِ پارلیمنٹ رنجیت سنگھ نائک نمبالکر اور پولیس کی مبینہ اذیت رسانی کے باعث انہیں خودکشی پر مجبور ہونا پڑا۔ پولیس نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے، لیکن اہم ملزم رنجیت سنگھ نائک نمبالکر اب بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے تو تحقیقات کے آغاز سے قبل ہی انہیں کلین چٹ دے دی تھی۔ کانگریس پارٹی نے اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے اور اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مُنڈے خاندان کو انصاف دلانے کا یقین دلایا ہے۔ یوتھ کانگریس کا کہنا ہے کہ حکومت تحقیقاتی کمیٹی کے نام پر اصل ملزمان کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن جب تک ڈاکٹر سمپدا مُنڈے کے ساتھ انصاف نہیں ہوتا، کانگریس کا یہ احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔
Youth Congress News 10 Nov. 25.docx