نئی دہلی، 6 مئی. کانگریس نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر وزیر اعظم نریندر مودی کے تبصرہ کو قابل اعتراض اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن سے ان کی انتخابی تشہیر پر فوری طور پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔کانگریس کے ایک وفد نے پیر کو اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور کہا کہ مسٹر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ بار بار ایسی باتیں کہہ رہے ہیں جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ وفد نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ مسٹر مودی کی نتخابی تشہیر پر نوٹس دینے کے 48 گھنٹوں کے دوران پابندی لگنی چاہئے۔
کمیشن سے ملاقات کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر صحافیوں سے کہا کہ مسٹر مودی نے سابق وزیر اعظم کے بارے میں جو باتیں کہیں ہیں وہ غیر مہذب اور قابل اعتراض ہیں اور ان کی طرف سے استعمال کئے گئے الفاظ کو دہرانے میں جھجھک ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کو اس سلسلے میں 24 گھنٹے کا نوٹس دے کر 48 گھنٹے میں ان كے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ پارٹی نے کہا کہ اس سے متعلق سبھی ضروری دستاویزات کمیشن کے سامنے رکھے گئے ہیں۔