حیدرآباد: بی جے پی رکن اسمبلی راجا سنگھ نے ایک پھرزہرافشانی کی ہے۔ ٹویٹرپرایک ویڈیو پیغام نے راجا سنگھ نے تلنگانہ حکومت اور حیدرآباد پولیس کو وارننگ دی ہے کہ اگرعنبرپیٹ میں یکخانہ مسجد کو دوبارہ تعمیر کیاجاتاہے تووہ اسے گرانا بھی جانتے ہیں۔ دراصل اتوار کی شام حیدرآباد پولیس نے راجا سنگھ کو گرفتارکرلیاتھا۔ پولیس حراست سے رہا ہونے کے بعد راجا سنگھ نے یہ بیان دیاہے۔
وہیں دوسری جانب حیدرآباد کے علاقے عنبرپیٹ میں اب حالات معمول پرلوٹ رہے ہیں۔ اتوارکی شام عنبرپیٹ میں دو فرقوں کے درمیان تصادم ہوگیاتھا۔ دونوں فرقوں کے نوجوانوں نے ایک دوسرے پرپتھربازی بھی کی تھی۔ تاہم آج یہاں حالات معمول پر لوٹ آئے ہیں۔حیدرآباد کے پولیس کمشنرانجنی کمارکا کہناہے کہ عنبر پیٹ میں حالات قابو میں آگئے ہیں۔ اتوارکی شام یہاں دو گروپوں میں تصادم کاواقعہ پیش آیا تھا جس کے پیش نظر پولیس کی بھاری جمعیت یہاں پہنچی اورپھر دونوں گروپوں کو منتشر کردیا تھا اور علاقے میں پولیس پکٹس تعنیات کی گئی ہے۔ انجنی کمار نے کہا کہ عوام افواہوں پر توجہ نہ دیں ۔تصادم کے واقعہ میں چند افراد کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔