ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات میں کامیابی کے بعد سنیل تٹکرے کا ردِعمل
ممبئی: ریاست میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے عام انتخابات کے نتائج پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ یہ انتخابی نتائج دراصل ریاست کے مرحوم نائب وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے لیڈر اجیت دادا پوار کی بے لوث خدمات اور ان کی زندگی بھر کی انتھک محنت پر عوام کی جانب سے پیش کی گئی ایک پُرخلوص خراجِ تحسین ہے۔
سنیل تٹکرے نے کہا کہ اجیت دادا پوار نے اپنی پوری سیاسی زندگی سماج کے نچلے طبقے، کسانوں، مزدوروں اور عام آدمی کے مسائل کے حل کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے ترقی کو ہمیشہ اولین ترجیح دیتے ہوئے ایسے فیصلے کیے جن کا براہِ راست فائدہ عام شہریوں تک پہنچا۔ آج ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات میں پارٹی کو جو کامیابی حاصل ہوئی ہے، وہ دراصل عوام کے اسی اعتماد اور محبت کا اظہار ہے جو اجیت دادا پوار کے افکار اور قیادت سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتائج اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ عوام نے اجیت دادا پوار کے ترقی پسند نظریات، مضبوط قیادت اور عوام دوست طرزِ سیاست کو دل سے قبول کیا تھا اور آج بھی ان کے افکار عوام کے دلوں میں زندہ ہیں۔ یہ کامیابی محض ایک انتخابی کامیابی نہیں بلکہ عوام کی جانب سے دی گئی ایک اخلاقی تائید ہے جو ہمیں مزید ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کا احساس دلاتی ہے۔
سنیل تٹکرے نے مزید کہا کہ ان نتائج کے ذریعے پارٹی پر عوام کی جو ذمہ داری بڑھی ہے، اسے ہم پوری ایمانداری، سنجیدگی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ نبھائیں گے۔ اجیت دادا پوار کی وراثت کو آگے لے جانا اور ان کے خوابوں کے مطابق عوامی فلاح کے کام انجام دینا ہی پارٹی کا اصل مقصد رہے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کے تمام منتخب نمائندے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی میں عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھائیں گے اور دیہی و نیم شہری علاقوں کی ترقی کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ سنیل تٹکرے نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بھی اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا یہ نتیجہ اجیت دادا پوار کی یادوں اور ان کی عوام دوست سیاست کے لیے عوام کی جانب سے پیش کیا گیا ایک پُرخلوص نذرانہ ہے، جو پارٹی کے لیے حوصلہ افزا اور ذمہ داری دونوں کا باعث ہے۔