ریاستی صدر سنیل تٹکرے کے ہاتھوں پرچم کشائی، آئین اور سیکولرازم کی اقدار کو مضبوط بنانے کا عزم
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (اجیت پوار) کے ریاستی دفتر میں ملک کے 77ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ایک باوقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر پارٹی کے ریاستی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے قومی پرچم لہرایا اور پارٹی کے عہدیداران و کارکنان کو یومِ جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی۔
تقریب میں پارٹی کے کئی سینئر لیڈر اور اہم عہدیداران شریک ہوئے۔ سابق وزیر اور ممبئی ڈیویژن میں این سی پی کی انتخابی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نواب ملک، پارٹی کے خزانچی اور ایم ایل اے شیواجی راؤ گرجے، خواتین ونگ کی ریاستی صدر روپالی تائی چاکنکر، سابق ایم ایل اے ذیشان صدیقی، ممبئی کے ورکنگ صدر سدھارتھ کامبلے، ریاستی جنرل سیکریٹری سنجے تٹکرے، اقلیتی لیڈر مشتاق انتولے اور ریاستی ترجمان سورج چوہان سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔
پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے سنیل تٹکرے نے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور ہندوستانی آئین کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد مختلف مذاہب، زبانوں اور ثقافتوں کے باوجود ملک کی یکجہتی کو برقرار رکھنے میں آئین کا بنیادی کردار رہا ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کی قیادت میں تیار کیے گئے آئین کی بدولت 1952 سے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام مضبوطی کے ساتھ قائم ہے اور آج ہندوستان کو دنیا کی ایک مضبوط جمہوریت کے طور پر پہچانا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ہمیشہ آئینی اقدار اور سیکولر اصولوں پر یقین رکھتی آئی ہے۔ ایک ذمہ دار شہری اور پارٹی کارکن کی حیثیت سے ملک کی ترقی میں حصہ لینا، جمہوری روایات کا احترام کرنا اور آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پارٹی آئندہ بھی اسی نظریاتی بنیاد پر عوامی خدمت اور قومی یکجہتی کے لیے کام کرتی رہے گی۔ انہوں نے ریاست اور ملک کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور جے ہند، جے مہاراشٹر کے نعروں کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
