مجھے فخر ہے کہ مسلمان مضبوطی سے میرے پیچھے کھڑے ہیں: سنیل تٹکرے

مانگاؤں: بیرسٹر انتولے کو سبز سانپ کہنے والی اننت گیتے آج ان کی تصویر لگا رہے ہیں۔ اننت گیتے نے مذہبی تنازعات کو بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ مجھے فخر ہے کہ مسلمان میرے ساتھ میرے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ یہ باتیں آج یہاں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر اور رائے گڑھ پارلیمانی حلقے سے مہایوتی کے امیدوار سنیل تٹکرے نے کہیں ہیں۔

مانگاؤں تعلقہ کے گوریگاؤں میں مہایوتی کے جلسۂ عام کا انعقاد ہوا جس میں بڑی تعداد میں اقلیتی طبقے کے لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنیل تٹکرے نے کہا کہ میری ہمیشہ یہ کوشش رہی کہ رائے گڑھ ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کبھی متاثر نہ ہونے پائے۔ ہم نے یہاں کے لوگوں کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھا اور یہی وجہ ہے کہ مسلمان آج میرے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہیں اور اس بات کا مجھے فخر ہے۔

اس موقع پر سنیل تٹکرے نے ادھوٹھاکرے کی شیوسینا پر تنقید کی اور کہا کہ اگر مہایوتی ممبئی میونسپل کارپوریشن پر قبضہ کرتی ہے تو ادھو ٹھاکرے کا وہی حال ہوگا جس طرح پانی کے بغیر مچھلی کی ہوتی ہے۔اس کے بعد شیتکری کامگارہ پارٹی بھی رائے گڑھ سے ختم ہو جائے گی۔ اس موقع پر سنیل تٹکرے نے گوریگاؤں ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم کو اونچا کرنے اور طویل مسافت کی ٹرینوں کو روکنے کا وعدہ کیا۔

سنیل تٹکرے نے کہا کہ ہم اس علاقے کی ترقیاتی کاموں کو مل کر کرنا چاہتے ہیں، اس لیے این سی پی کے گھڑی کے نشان پر بٹن دبائیں اور مجھے اس تاریخی الیکشن میں بھرپور اکثریت سے کامیاب کریں۔انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میری مسلم کمیونٹی سیکولر سوچ کی حمایت کرے گی اور ہمارے پیچھے مضبوطی سے کھڑی رہے گی۔

اس موقع پر ایم ایل اے بھرت گوگاؤلے نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ آج مسلمان بھائیوں کو بھڑکایا جا رہا ہے لیکن جب تک سنیل ٹٹکرے اور بھرت گوگاؤلے ہیں، مسلمان بھائیوں کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بھرت گوگولے نے ان لوگوں کوانتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں وگرنہ انہیں منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔ بھرت گوگاؤلے نے اس موقع پر ایم ایل اے بھرت گوگولے نے گورگاؤں میں کئی ترقیاتی کاموں کی فہرست عوام کے سامنے پیش کی۔

اس جلسہ عام میں شیوسینا کے ضلع سربراہ پرمود گھوسالکر، ارون چالکے اور وکاس گوگاؤلے نے بھی اپنے خیالات پیش کیے۔اس جلسہ عام میں امیدوار ایم پی سنیل تٹکرے، شیوسینا چیف پروٹو ایم ایل اے بھرت گوگاولے، خاتون ریاستی صدر روپالیتائی چاکنکر، شیو سینا کے ضلع سربراہ پرمود گھوسالکر، یوتھ لیڈر وکاس گوگاولے، ارون چالکے، ریاستی جنرل سکریٹری لطیف تمبولی، این سی پی کی ترجمان سیلی ڈالوی، تعلقہ صدر، تعلقہ پرمکھ اور مہاوتی کے عہدیدار اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔