سورت میں مولانا سہیل ابوبکر گرفتار ٗہندوتوا لیڈروں کے قتل کا منصوبہ بنانے کا الزام

سورت: گجرات کی کرائم برانچ پولیس نے سورت سے مولانا سہیل ابوبکر کو گرفتار کیا ہے جن پر حیدرآباد کے بی جے پی رکن اسمبلی ملعون راجا سنگھ ، گستاخ رسول و سابق بی جے پی ترجمان نوپور شرما ، سدرشن ٹی وی کے ایڈیٹر کے علاوہ دیگر ہندوتوا لیڈروں کے قتل کی سازش کا الزام ہے۔ پولیسکے مطابق مولانا سہیل نے سورت کے ہندوتوا لیڈر اپدیش رانا کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ پولیس کو مولانا کے موبائل سے نیپال اور پاکستان کے نمبر بھی ملے ہیں۔

ایک الزام یہ بھی ہے کہ مولانا ہندوستان میں کوئی بڑا واقعہ کروانے کی سازش کر رہے تھے۔ فی الحال کرائم برانچ کی ٹیم ان سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اپدیش رانا کو اس سال 4 جنوری کی رات تقریباً 10.30 بجے ایک نامعلوم موبائل نمبر سے کال موصول ہوئی جس پر انہیں دھمکی دی گئی۔

میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ کرائم برانچ کی ٹیم نے اس پورے معاملے کی تحقیقات شروع کی تو مولانا سہیل ابوبکر کا نام سامنے آیا۔ پولیس نے مولانا سہیل کو بھلیماتا پھلواڑی کھڑی روڈ پر واقع اقراء اپارٹمنٹ کے قریب سے گرفتار کیا ہے۔

پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مولانا سہیل گفتگو کے لیے لوڈو جیسے آن لائن گیمز کا بھی استعمال کرتے تھے، جس کے ذریعے چیٹنگ کی جاسکتی تھی۔ لوڈو گیم کے دوران مولانا کا نام انیسمو تھا۔ وہ اپنے حامیوں سے کوڈ ورڈز میں بات کرتے تھے۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ مولانا سہیل اصل میں نندوبار ضلع کے ساکن ہیں۔کرزئی امبولی گاؤں میں مسلمان بچوں کو پرائیویٹ ٹیوشن دیا کرتے تھے۔