ریاست بھر میں این سی پی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس مہوتسو کو شاندار عوامی پذیرائی
مہاڈ: این سی پی کے ریاستی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے آج رائے گڑھ میں چھترپتی شیواجی مہاراج اور مہاڈ کے تاریخی چَوَدار تالاب پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ’گوروَشالی مہاراشٹر مہوتسو 2025‘ کا اختتام کیا۔ اس باوقار مہوتسو کا آغاز جمعرات کے روز مہاراشٹر کے پہلے وزیرِاعلیٰ آنجہانی یشونت راؤ چوہان کی سمادھی پر خراجِ عقیدت پیش کرنے سے ہوا تھا۔ یہ تین روزہ تقریبات ریاست بھر میں جوش و خروش سے منائی گئیں، جنہیں عوام نے بے پناہ سراہا اور شرکت کی۔
مہوتسو کے آخری روز کی شروعات صبح آٹھ بجے ہوئی جب سنیل تٹکرے نے’سوراجیہ جننی‘ جیجاؤ بائی کی سمادھی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد وہ رائے گڑھ پہنچے جہاں انہوں نے چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اسی دن انہوں نے رائے ریشور کا بھی دورہ کیا اور وہاں واقع مہاراج کی سمادھی پر عقیدت کے پھول نذر کیے۔ دوپہر کے وقت وہ مہاڈ کے تاریخی چوَدار تالاب پہنچے اور بابا صاحب امبیڈکر کو تعظیم کرتے ہوئے مہوتسو کا باضابطہ اختتام کیا۔ یہ تالاب وہی مقام ہے جہاں ڈاکٹر امبیڈکر نے دلتوں کو پانی پینے کا حق دلانے کے لیے تاریخی تحریک کی قیادت کی تھی۔
اس یادگار موقع پر شام کو مہاڈ کے’چاندے میدان‘میں ایک شاندار ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیا گیا، جس میں مہاراشٹر کی روایتی لوک فنون اور ثقافت کی جھلک پیش کی گئی۔ اس تقریب میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے کئی سرکردہ رہنما اور کارکنان شریک ہوئے، جن میں پارٹی کے چیف ترجمان آنند پرانجے، یوتھ ونگ کے صدر سورج چوہان، او بی سی سیل کے صدر کلیان آکھاڑے، ریاستی جنرل سکریٹری لطیف تمبولی، ترجمان سائلی دلوی، سابق میونسپل چیئرپرسن سنیہل جگتاپ، ضلعی نائب صدر سبھاش کےکانے، نانا جگتاپ، دھننجے دیشمکھ، نلیش مہاڈک، ریحان دیشمکھ، راکیش شاہ، کاکا ویشنو، محمد پلوکر، سونل اُتیکر، شاداب غیبی اور ایڈووکیٹ اُتم جادھو شامل تھے۔
’گوروَشالی مہاراشٹر مہوتسو 2025‘ نہ صرف مہاراشٹر کی عظیم تاریخ، تہذیب، اور انقلابی شخصیات کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ذریعہ بنا بلکہ اس نے عوام کو ریاست کے گوناگوں ورثے سے جوڑنے کا کام بھی انجام دیا۔ اس تقریب نے یہ ثابت کر دیا کہ مہاراشٹر کی سیاسی، سماجی اور تہذیبی روح آج بھی زندہ اور متحرک ہے اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے اسے عزت و وقار کے ساتھ پیش کیا۔