گھوڈبندر روڈ کی مرمت 30 مئی تک مکمل کی جائے: کمشنر سوربھ راؤ
کاسروڈولی فلائی اوور کا کام 5 جون تک مکمل کرنے کی ہدایت
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے گھوڈبندر روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں کی مرمت کا جائزہ لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ 30 مئی تک سڑک کی باقی ماندہ مرمت کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ مانسون کے دوران ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
کمشنر نے 24 اپریل کو ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے، کاپرباوڑی جنکشن، گھوڈبندر روڈ، سیوا روڈ اور گائمکھ گھاٹ سمیت دیگر علاقوں میں جاری سڑک مرمت کاموں کا معائنہ کیا۔ ان کے ہمراہ سٹی انجینئر پرشانت سونگرا، میٹرو سپرنٹنڈنٹ انجینئر ابھیجیت ڈسیکر، میونسپل کارپوریشن، تعمیرات عامہ، ایم ایم آر ڈی اے، میٹرو، اور بجلی سپلائی کمپنیوں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
کمشنر نے واضح کیا کہ گھوڈبندر روڈ پر مانسون کے دوران ہموار اور محفوظ ٹریفک کو یقینی بنانے کے لیے گائمکھ تک پورے روٹ پر کام مکمل کیا جا رہا ہے۔ تمام ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آخری مرحلے کے کام کو تیزی سے مکمل کریں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گھوڈبندر روڈ پر بارش کے پانی کے نکاس کو یقینی بنانے کے لیے تمام ڈرینیج لائنوں اور پلوں کی صفائی جاری ہے، جبکہ پرانی ڈرینیج لائن کو نئی لائن سے جوڑنے کا عمل بھی تیزی سے ہو رہا ہے، جو 30 مئی تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ کمشنر نے کاسروڈولی فلائی اوور کا معائنہ کرتے ہوئے ایم ایم آر ڈی اے کے افسران کو ہدایت دی کہ اس اہم پل کا کام 5 جون تک مکمل کیا جائے تاکہ گھوڈبندر روڈ پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔