این سی پی کا دو روزہ ’نوسنکلپ کیمپ‘ اب شرڈی میں سابق ایم پی آنند پرانجے بنے نیشنلسٹ کانگریس کے چیف ترجمان، ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے تقرری خط سونپا

ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کا 18 اور 19 جنوری کو چھترپتی سمبھاجی نگر میں مجوزہ دو روزہ ’نوسنکلپ کیمپ‘ اب شرڈی میں منعقد کیا جائے گا۔ اس کی اطلاع این سی پی کے ریاستی صدر ایم پی سنیل تٹکرے نے آج ایک پریس کانفرنس میں دی۔

سنیل تٹکرے نے بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں اس کیمپ کی مکمل تیاری کر لی گئی تھی، لیکن فرنٹل تنظیموں، سیل اور دیگر عہدیداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی خواہش ظاہر کی۔ اس پر قومی صدر اجیت دادا پوار اور قومی ورکنگ صدر ایم پی پرفل پٹیل سے مشورہ کرکے کیمپ میں شرکت کرنے والوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ زیادہ تعداد کی وجہ سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں رہائش کی سہولت ناکافی تھی، اس لیے یہ کیمپ اب شرڈی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس کیمپ میں رکنیت سازی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ شہر، ضلع اور تعلقہ سطح پر درست طریقے سے رکنیت سازی کو یقینی بنانے کے لیے انسپکٹرز کی تقرری کی جائے گی۔ یہ رکنیت سازی ایک مقررہ وقت میں مکمل کی جائے گی۔ موثر سیشنز کے لیے مختلف سیاسی تجزیہ کاروں کو مدعو کیا جائے گا۔ اس شیور میں پارٹی کے تمام بڑے لیڈران شریک ہوں گے۔ دو روزہ ’نوسنکلپ کیمپ کے ذریعے نئی توانائی اور تحریک حاصل کرکے فروری میں بلدیاتی انتخابات کے لیے مختلف پروگرامز کی منصوبہ بندی کی جائے گی، جس سے ریاست میں پارٹی کے اثر و رسوخ کو وسیع پیمانے پر بڑھایا جائے گا۔

اس کے علاوہ، سابق ایم پی آنند پرانجے کو این سی پی کا چیف ترجمان مقرر کیا گیا ہے۔ قومی صدر اجیت دادا پواراور قومی ورکنگ صدر ایم پی پرفل پٹیل کی منظوری سے ریاستی صدر ایم پی سنیل تٹکرے نے آنند پرانجے کو تقرری خط سونپا۔ اس پریس کانفرنس میں این سی پی کے چیف ترجمان آنند پرانجے، ایم ایل اے شیواجی راو گرجے، ریاستی ترجمان سنجے تٹکرے، اور ریاستی یوتھ صدر سورج چوہان موجود تھے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading