ممبئی: ہندوستانی موسیقی کی دنیا میں اپنی جادوئی آواز سے آٹھ دہائیوں تک حکمرانی کرنے والی عظیم گلوکارہ آشابھوسلے کے انتقال کی خبر کو نہایت افسوسناک قرار دیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آشا بھوسلے کے انتقال سے وہ لازوال اور ہمیشہ جوان رہنے والی آواز خاموش ہو گئی جس نے پوری دنیا کو مسحور کر رکھا تھا۔
ہرش وردھن سپکال نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ آشا بھوسلے نے بیس سے زائد زبانوں میں بارہ ہزار سے زیادہ گانے گا کر ایک عالمی ریکارڈ قائم کیا اور ہر عمر کے سامعین کے دلوں میں اپنی منفرد پہچان بنائی۔ انہوں نے کہا کہ لتا منگیشکر اور آشا تائی، منگیشکر خاندان کے وہ دو قیمتی نگینے تھے جنہوں نے برسوں تک اپنی آواز کے ذریعے موسیقی کے شائقین کو مسحور کیے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آشا بھوسلے نے کامیابی کی یہ بلندیاں سخت محنت اور جدوجہد کے ذریعے حاصل کیں۔ کم عمری میں والد کے انتقال کے بعد انہوں نے اپنے خاندان کی کفالت کے لیے گلوکاری کا آغاز کیا اور اپنی لگن کے باعث موسیقی کی دنیا میں ایک ناقابلِ فراموش مقام حاصل کیا۔ انہوں نے آر ڈی برمن، او پی نیر، ایس ڈی برمن، اور لکشمی کانت پیارے لال جیسے نامور موسیقاروں کے ساتھ سیکڑوں لازوال گیت گائے۔
ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ آشا تائی نے ایک ہزار سے زائد فلموں کے لیے مختلف زبانوں میں گیت گائے اور ہر طرز کے گانوں کو اپنی آواز دی۔ سب سے زیادہ گانے گانے والی گلوکارہ کے طور پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں درج ہے۔ انہیں فلم فیئر، پدم وبھوشن، دادا صاحب پھالکے اور مہاراشٹر بھوشن جیسے کئی معزز اعزازات سے نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ آشا تائی آج ہمارے درمیان نہیں رہیں، لیکن ان کی ہمیشہ جوان آواز اور ان کے گائے ہوئے لازوال نغمے ہمیشہ زندہ رہیں گے اور نسل در نسل لوگوں کے دلوں میں گونجتے رہیں گے۔ ہرش وردھن سپکال نے آشا بھوسلے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور چاہنے والوں کے لیے صبر کی دعا کی اور کہا کہ یہ نقصان نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کے لیے ناقابلِ تلافی ہے۔
MPCC Urdu News 12 April 26.docx