ایران کا خلیجی ریاستوں سے جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ: ’امریکی ناکہ بندی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے،‘ ایران

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام خط میں جنگ کے دوران ایران کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لیے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق، اس خط میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے انتونیو گوتریس کو لکھا: ’یہ پانچ ممالک ایران سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔‘

خط میں کہا گیا کہ اس طرز عمل کے نتیجے میں ان ممالک کی بین الاقوامی ذمہ داری ہے کہ ایران کو پہنچنے والے تمام مادی اور اخلاقی نقصان کا مکمل ازالہ کریں۔اقوامِ متحدہ میں ایران کے سفیر نے ایرانی بندرگاہوں پر امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی ناکہ بندی کو ایران کی خود مختاری کی ’سنگین خلاف ورزی‘ قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام اپنے خط میں امیر سعید ایروانی نے کہا کہ یہ ’غیر قانونی‘ ناکہ بندی بین الاقوامی سمندری قوانین کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

پیر کے روز اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے ’تمام فریقوں‘ پر زور دیا کہ وہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کا احترام کریں۔ عالمی تیل کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز ایک نہایت اہم آبی گزرگاہ ہے۔

پاکستان میں ہونے والے امریکہ ایران مذاکرات بے نتیجہ رہنے کے بعد امریکی فوج نے پیر کے روز ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر دی تھی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ یہ ناکہ بندی ایرانی بندرگاہوں یا ساحلی علاقوں میں داخل ہونے یا وہاں سے روانہ ہونے والے تمام ممالک کے جہازوں پر بلا امتیاز لاگو ہو گی، تاہم آبنائے ہرمز میں آنے اور جانے والے ان جہازوں کو نہیں روکا جائے گا جن کی منزل یا روانگی کا مقام ایران نہیں ہے.

امریکی اور اسرائیلی حملوں سے ملک کو تقریباً 270 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا: ایران

ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے بتایا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں ملک کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ تقریباً 270 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔

فاطمہ مہاجرانی نے واضح کیا کہ یہ تخمینہ براہ راست اور بلواسطہ طور پر پہنچنے والے مجموعی نقصان کا ہے۔

روسی خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نووستی سے گفتگو میں انھوں نے کہا: ’ایک اہم معاملہ، جس پر ہماری مذاکراتی ٹیم کام کر رہی ہے، اور جسے اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت کے دوران بھی اٹھایا گیا، وہ جنگ کے دوران پہنچائے گئے نقصان کے ازالے کا ہے۔‘

جنگ کے دوران پہنچائے گئے نقصان کا ازالہ امریکہ کے ساتھ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی 10 ایرانی شرائط میں شامل تھا۔

اسی دوران اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام خط میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت سے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading