ناندیڑ : نقلی زردہ بنانے والا بے نقاب ,جوےاڈے پر چھاپہ — 7 لاکھ سے زائد مال ضبط

ناندیڑ :13 اپریل :(ورق تازہ نیوز)ناندیڑ رینج میں غیر قانونی کاروبار کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے دو بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ پولیس کے نائبڈپٹی آئی جی (ڈی آئی جی) جناب شاہجی اوماپ کی ہدایت پر خصوصی ٹیم نے ضلع ناندیڑ میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے۔تفصیلات کے مطابق، آج 13 اپریل کو اردھاپور کے اندرا نگر علاقے میں پولیس نے چھاپہ مار کر نقلی خوشبودار زردہ بنانے والے ایک شخص کو گرفتار کیا۔

ملزم کی شناخت سید ذاکر عرف بابا غلام دستگیر (عمر 40 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ چھاپے کے دوران پولیس نے تقریباً 3 لاکھ 44 ہزار 450 روپے مالیت کا سامان برآمد کیا، جس میں زردہ بنانے کی مشین، گلیسرین، پیرافین اور تیار شدہ زردہ شامل ہے۔تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم کم معیار کے زردے میں کیمیکل ملا کر مشہور کمپنیوں کے نام پر جعلی زردہ تیار کرتا اور مشین کے ذریعے پیکنگ کرکے بازار میں فروخت کرتا تھا۔ اس معاملے میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

دوسری کارروائی میں 12 اپریل کو دیگلور کے قریب کشاواڑی علاقے میں ایک فارم ہاؤس پر چل رہے جوا اڈے پر چھاپہ مارا گیا۔ پولیس نے موقع سے 8 افراد کو گرفتار کرکے 36 ہزار 340 روپے نقد، 8 موبائل فون اور 7 موٹر سائیکلیں ضبط کیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 3 لاکھ 93 ہزار 340 روپے بتائی گئی ہے۔ان دونوں کارروائیوں میں پولیس نے مجموعی طور پر 7 لاکھ 37 ہزار 790 روپے کا مال ضبط کیا ہے اور ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔اس کامیاب کارروائی میں پولیس سب انسپکٹر پنکج انگلے سمیت دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔ پولیس کے نائب آئی جی شاہجی اوماپ نے ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کی خفیہ اطلاع "خبر” ہیلپ لائن 9150100100 پر دیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading