19 سے 21 جون تک احمد نگر ضلع کے اسمبلی حلقوں کا جائزہ لیا جائے گا
ممبئی: لوک سبھا انتخابات کے بعد این سی پی نے اب اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی کمر کس لی ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر ایم پی سنیل تٹکرے نے ریاست گیر دورے کا اعلان کیا ہے۔ وہ یہ دورہ ناگپور سے شروع کریں گے۔ جبکہ19 سے 21 جون تک احمد نگر کے اسمبلی حلقوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ یہ اطلاع ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے آج ایک پریس کانفرنس کے دوران دی ہے۔
اس موقع پر ریاستی صدر نے کہا کہ لوک سبھا کے اجلاس کے دوران ضروری حاضری کے ایام کو چھوڑ کر بقیہ مدت میں مہاراشٹر میں پارٹی کو مضبوط کرنے میں مصروف رہوں گا۔ تٹکرے نے کہا کہ 40 سالوں میں لوک سبھا انتخابات کو قریب سے دیکھا اور لڑا ہے۔ میں نے پانچ بار اسمبلی انتخابات کا سامنا کیا ہے، ہر الیکشن الگ نوعیت کا ہوتا ہے۔ اس لیے ہر انتخاب میں یکساں صورت حال نہیں رہتی۔
این سی پی کے ریاستی صدر نے اس موقع پر یہ اعتراف کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں مہایوتی کو جو کامیابی ملنی چاہئے تھی وہ ہم حاصل نہیں کرسکے۔ ہم عوام کا بھرپور اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ اقلیتی اور پسماندہ طبقے اور قبائلی لوگ اس الیکشن میں ہم سے دور رہے۔ اس کی وجہ سے ہم لوک سبھا انتخابات میں متوقع کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات کا جائزہ لیتے ہوئے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی کو مزید مضبو کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں میں جوش اور اعتماد ہے۔ انتخابات میں ناکامی کی وجہ سے کسی کا اعتماد ختم نہیں ہوا۔ اسی لیے میں ایک بار پھر ریاست گیر دورہ کر وں گا ۔ اس پریس کانفرنس میں این سی پی خواتین کی ریاستی صدر روپالی تائی چاکنکر، ریاستی نائب صدر پرمود ہندو راؤ، ریاستی ترجمان آنند پرانجاپے اور سنجے تٹکرے موجود تھے۔