بازارسمیتیوں کے نتائج آئندہ حکومت کی نوید ہیں: جینت پاٹل
ممبئی: بازارسمیتیوں کے نتائج سے ایک بار پھر یہ ثابت ہوگیا کہ مہاراشٹر میں بی جے پی کی طاقت کتنی کم ہے۔ یہ مہا وکاس اگھاڑی کے متحد رہنے کی وجہ سے ہوا ہے۔ دوسری جانب 40ایم ایل ایز کے ساتھ بی جے پی کے ساتھ جانے والے ایکناتھ شندے کو کوئی قابل ذکر کامیابی نہیں ملی ہے۔ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ ایکناتھ شندے اور بی جے پی اگر ایک ساتھ رہے تو بھی مہاراشٹر میں آئندہ ان کی حکومت نہیں بنے گی۔ یہ باتیں آج این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل نے کہی ہیں۔وہ پارٹی دفتر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی کی بازارسمیتیوں میں اتنی بڑی تعداد میں کامیاب ہونے کا مطلب یہ ہے کہ کوآپریٹیو سیکٹر میں کام کرنے والے لوگ بڑی تعداد مہاوکاس اگھاڑی کے ساتھ ہیں، اسی لیے ان بازارسمیتیوں میں این سی پی، کانگریس اور شیوسینا کا غلبہ نظر آیا۔ جینت پاٹل نے صحافیوں کے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی کے‘وجر موٹھ‘ کی طاقت سامنے آگئی ہے۔
جینت پاٹل نے کہا کہ حکومت کسانوں، مزدوروں اور دیہی علاقوں کے لوگوں کے مسائل کے تئیں قطعی سنجیدہ نہیں ہے۔ وہ صرف تقریبات اور پروگرام ہی کرتی ہے جس میں اگر کچھ لوگ مر بھی جائیں تو بھی اسے کوئی پروہ نہیں ہے۔حکومت نے بے موسمی بارشوں سے متاثر ہونے والے افراد کوکوئی مدد فراہم نہیں کی۔ اب محکمہ موسمیات کل سے بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔اس کے لیے ریاستی حکومت نے کوئی بھی پیش بندی نہیں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے کسان زبردست مصائب کے شکار ہیں لیکن حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔