ممبئی میں پہلی ہی بارش سے پانی بھر گیا، نالہ صفائی کے نام پر کروڑوں کا گھوٹالا: امول ماتیلے

ممبئی: ممبئی میں موسم برسات کی محض پہلی ہی بارش کے بعد شہر کے کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سائن، دادر، کرلا، کالینہ، چاندیولی، اسلفا، چمبور، دھاراوی، ہندماتا، اندھیری، ملاڈ اور کاندیولی سمیت کئی علاقوں میں پانی بھر جانے سے نہ صرف ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی بلکہ دفتر جانے والے شہریوں کو گھٹنوں تک پانی سے گزر کر اپنی راہ بنانی پڑی۔ اس صورتحال میں سب سے زیادہ دشواری خواتین اور بزرگ شہریوں کو پیش آئی۔

اس تباہ کن حالت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے نیشنلسٹ یوتھ کانگریس (شرد پوار) کے ممبئی صدر ایڈووکیٹ امول ماتیلے نے بی ایم سی اور ریاستی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ اُن کا کہنا ہے کہ ہر سال نالہ صفائی کے لیے کروڑوں روپے مختص کیے جاتے ہیں، لیکن ہر بار بارش کے آغاز کے ساتھ ہی وہی بدتر حالت دیکھنے کو ملتی ہے۔ ماتیلے نے الزام عائد کیا کہ نالہ صفائی کے ٹھیکے مخصوص ٹھیکے داروں کو ہی دیے جاتے ہیں اور صفائی کا کام محض کاغذات میں دکھایا جاتا ہے، جس کے ذریعے کروڑوں روپے کا بدعنوانی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی ایم سی کے متعلقہ محکمے کے کچھ افسران اور ٹھیکے داروں کے درمیان گٹھ جوڑ ہے، جو شہر کی بدحالی کا اصل سبب ہے۔ اُن کے مطابق صفائی کے کام کی کوئی مؤثر زمینی نگرانی نہیں کی جاتی، بلکہ فائلوں پر دستخط کرکے خانہ پُری کی جاتی ہے۔ اس بدانتظامی کو شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے ماتےلے نے مطالبہ کیا کہ ان افسران اور ٹھیکے داروں پر فوجداری مقدمات درج کیے جائیں۔

امول ماتیلے نے نالہ صفائی گھوٹالے کی آزادانہ جانچ کے لیے ایک خودمختار تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار افسران اور ٹھیکے داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ہر ماہ نالہ صفائی کے زمینی آڈٹ کی تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائیں۔ اس کے علاوہ عوامی شفافیت کے لیے ‘نالہ صفائی ٹریکر’ موبائل ایپ تیار کی جائے تاکہ شہری خود بھی کام کی نگرانی کر سکیں۔ ساتھ ہی، صفائی کے کاموں پر تیسرے فریق کی نگرانی بھی لازمی قرار دی جائے۔

ایڈووکیٹ امول ماتیلے نے خبردار کیا کہ اگر ممبئی جیسے بین الاقوامی شہر میں ہر سال برسات کو ایک مصیبت بننے سے نہ روکا گیا، تو نیشنلسٹ یوتھ کانگریس (شرد پوار) سڑکوں پر اتر کر احتجاج کرے گی۔ ماتیلے نے ممبئی میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس بحران کا جواب دے، ورنہ عوامی دباؤ کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading