پسندیدہ ٹھیکیداروں اور صنعت کاروں سے ممبئی مہانگر پالیکا کو بچائیں: ورشا گائیکواڑ
ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے تناظر میں بی جے پی مہا یوتی کے منشور پر شدید حملہ کرتے ہوئے ممبئی کانگریس کی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ ورشا ایکناتھ گائیکواڑ نے کہا ہے کہ بی جے پی–شندے سینا اتحاد کا منشور کسی وعدہ نامے کے بجائے محض ایک ’فیکونامہ‘ ہے، جس پر عمل کرنے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جو پارٹی ممبئی میونسپل کارپوریشن کی 90 ہزار کروڑ روپے کی جمع پونجی لوٹ چکی ہو، ہزاروں ایکڑ قیمتی زمین پسندیدہ صنعت کاروں کے حوالے کر چکی ہو اور بی ای ایس ٹی جیسی عوامی ٹرانسپورٹ کو نجی ہاتھوں میں دینے پر تلی ہوئی ہو، وہ ممبئی اور ممبئی والوں کی ترقی کے بارے میں بھلا کیا سوچے گی؟
بی جے پی مہا یوتی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ ممبئی میونسپل کارپوریشن میں گزشتہ 25 برسوں تک بی جے پی–شیوسینا کی حکومت رہی، جبکہ پچھلے تین سال اور نو ماہ سے منتظم کے ذریعے منترالیہ سے ہی میونسپل کارپوریشن کا انتظام چلایا جا رہا ہے۔ تمام فائلیں غیر قانونی طریقے سے منترالیہ میں منظور کی جا رہی ہیں اور ہر شعبے میں بدعنوانی عروج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلسل ان بدعنوانیوں کو بے نقاب کرتی آ رہی ہے، مگر اقتدار میں بیٹھی پارٹیوں کو ممبئی کے مفاد سے کوئی سروکار نہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سیٹی فلو جیسی نجی بسیں غیر قانونی طور پر ممبئی اور ایم ایم آر ڈی اے علاقوں میں چلائی جا رہی ہیں، جبکہ بی ای ایس ٹی بس سروس کو دانستہ کمزور کیا جا رہا ہے۔ بی ایم سی اسکولوں کو بھی آہستہ آہستہ نجی اداروں کے حوالے کیا جا رہا ہے، شہریوں کو صاف اور وافر پانی میسر نہیں، صحت کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے اور ذرا سی بارش میں ممبئی پانی میں ڈوب جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میٹھی ندی کی صفائی میں بھی کرپشن کی گئی اور اپوزیشن کے وارڈز کو ایک روپیہ تک نہیں دیا گیا، جبکہ اقتدار میں شامل پارٹیوں نے اپنے وارڈز میں ایسا رویہ اختیار کیا جیسے میونسپل کارپوریشن ان کی ذاتی جاگیر ہو۔
ورشا گائیکواڑ نے الزام عائد کیا کہ ممبئی کی 3 سے 4 ہزار ایکڑ زمین انتہائی کم قیمت پر، قواعد میں تبدیلیاں کر کے اڈانی گروپ کے حوالے کی جا چکی ہے۔ دھاراوی کے مکینوں کو ان کے ہی علاقے سے بے دخل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، کولی واڑوں پر بی جے پی کی بری نظر ہے اور ایس آر اے کے نام پر قیمتی زمینیں دلالوں کے ذریعے لٹائی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق بی جے پی مہا یوتی نے ممبئی کو فروخت کرنے کی مہم چلا رکھی ہے اور اصل شہری مسائل پر بات کرنے کے بجائے مذہبی منافرت پھیلانے کی سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے ممبئی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی مہا یوتی کی گمراہ کن باتوں اور جھوٹے وعدوں کا شکار نہ ہوں اور شہر کے مستقبل کو بچانے کے لیے ہوشیار رہیں۔
ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات کے سلسلے میں ورشا گائیکواڑ کی قیادت میں کانگریس کا جارحانہ انتخابی مہم زوروں پر ہے۔ وہ ہر وارڈ کا دورہ کر کے مقامی عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کر رہی ہیں، پدیاترا، ریلیوں اور چوک سبھاؤں کے ذریعے شہریوں کے مسائل سن رہی ہیں اور بنیادی سہولتوں، مقامی ترقی اور ہمہ گیر شہری فلاح کے نکات پر گفتگو کر رہی ہیں۔ ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ کانگریس ایسی میونسپل کارپوریشن تشکیل دینا چاہتی ہے جو عوام کے اعتماد پر کھڑی ہو، حساس، جوابدہ اور ممبئی کے ہر طبقے کے لیے کام کرنے والی ہو، اور اسی مقصد کے تحت کانگریس اتحاد کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کی اپیل کر رہی ہیں۔
MRCC Urdu News 11 January 26.docx