شیوسینا امیدوار کے اہلِ خانہ سے منسوب ویڈیو وائرل، بحالی منصو بے کے متاثرین کا احتجاج انتخابی مہم کے دوران امیدواروں سے جڑے متنا زعہ ویڈیوز پر سیاست گرم

شیوسینا امیدوار کے اہلِ خانہ سے منسوب ویڈیو وائرل، بحالی منصوبے کے متاثرین کا احتجاج

انتخابی مہم کے دوران امیدواروں سے جڑے متنازعہ ویڈیوز پر سیاست گرم

تھانے (آفتاب شیخ)

ریاست میں جاری بلدیاتی انتخابات کے دوران مختلف امیدواروں اور ان سے جڑے افراد کے بیانات اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ رہے ہیں۔ حال ہی میں شیوسینا کی سابق میئر میناکشی شندے سے منسوب ایک مبینہ آڈیو کلپ کے بعد اب شیوسینا کی امیدوار پرینکا پاٹل اور شیو سینا امیدوار سدھارتھ پانڈے کے اہلِ خانہ سے متعلق ویڈیوز وائرل ہوئے ہیں، جن پر سیاسی حلقوں اور عوامی سطح پر ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سدھارتھ پانڈے کے والد اور سابق کارپوریٹر سنجے پانڈے بحالی منصوبے سے متاثرہ چند افراد کے ساتھ بدسلوکی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ متاثرین تھانے کے گاندھی نگر علاقے میں واقع ایک بحالی منصوبے سے وابستہ ہیں اور کرایہ کی عدم ادائیگی پر احتجاج کر رہے تھے۔ وائرل ویڈیو میں دھمکیوں اور گالی گلوچ کے الزامات لگائے جا رہے ہیں، تاہم اس کی سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد بحالی منصوبے کے متاثرین میں ناراضگی دیکھی جا رہی ہے اور سوشل میڈیا پر اس پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

اسی دوران سدھارتھ پانڈے کی انتخابی مہم کے دوران مہنگی گھڑی پہننے سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں، جنہیں بعض صارفین بحالی منصوبے کے متاثرین کے مسائل سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔ تاہم شیوسینا کی جانب سے ان الزامات پر فی الحال کوئی باضابطہ ردِ عمل سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب شیوسینا کی امیدوار پرینکا پاٹل کا ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ انتخابی مہم کے دوران ووٹروں سے گفتگو کے دوران برہم نظر آتی ہیں۔ وائرل کلپ کے مطابق بعض ووٹروں نے گزشتہ پانچ برسوں میں ترقیاتی کاموں سے متعلق سوالات کیے، جس پر امیدوار کی جانب سے سخت ردِ عمل دیا گیا۔ بعد ازاں اس ویڈیو کو نامکمل قرار دیتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ مقامی خواتین نے خود اعتراف کیا ہے کہ وارڈ میں ترقیاتی کام انجام دیے گئے ہیں اور ویڈیو کو جان بوجھ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر وائرل کیا گیا۔

انتخابی ماحول میں اس طرح کے وائرل ویڈیوز نے سیاسی گرما گرمی میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ عوام کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ الزامات کی غیر جانبدارانہ جانچ کی جائے اور اصل حقائق سامنے لائے جائیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading