غریب خاندانوں کے لیے بڑی اسکیم، خواتین کو 8 گرام سونے کا سکہ اور ریشمی ساڑی ملے گی

چنئی: جنوبی ریاستوں میں غریب اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے مختلف فلاحی اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں تمل ناڈو حکومت نے ’’انّان سیر‘‘ اسکیم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اسکیم کے لیے 812 کروڑ روپے کی پہلی قسط منظور کی گئی ہے۔ اسکیم کے تحت جن خاندانوں کی سالانہ آمدنی ڈھائی لاکھ روپے تک ہے، ان خاندانوں کی خواتین کو شادی کے موقع پر حکومت کی جانب سے 8 گرام سونے کا سکہ اور ایک ریشمی ساڑی فراہم کی جائے گی۔

تمل روایت سے جڑی ہے اسکیم

حکومت کے مطابق ’’انّان سیر‘‘ تمل روایت سے وابستہ ایک تصور ہے۔ تمل روایات میں شادی کے موقع پر بڑے بھائی کی جانب سے دلہن کو دیا جانے والا سیر محبت، شفقت، تحفظ اور ذمہ داری کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ تمل ناڈو میں ہر سال تقریباً 5 لاکھ شادیاں ہوتی ہیں۔ اسی روایت اور جذبے کو مدنظر رکھتے ہوئے شادی کے بعد نئی زندگی شروع کرنے والی خواتین کو 8 گرام سونے کا سکہ اور ایک ریشمی ساڑی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صرف مستحق خاندانوں کو ملے گا فائدہ

اس اسکیم کے لیے 2026-2027 کے ترمیم شدہ بجٹ میں بھی رقم مختص کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ محکمہ سماجی بہبود کے ڈائریکٹر نے حکومت سے ہر سال ’’انّان سیر‘‘ اسکیم نافذ کرنے اور اس کے لیے بجٹ مختص کرنے کی درخواست کی تھی۔

حکومت کی جانب سے اس معاملے پر غور کے بعد اسکیم کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت سالانہ آمدنی ڈھائی لاکھ روپے تک رکھنے والے خاندانوں کو اسکیم کا فائدہ دیا جائے گا۔ حکومت کے اس فیصلے سے کم آمدنی والے خاندانوں کی شادی کے اخراجات میں کچھ مدد ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading