MPCC Urdu News 9 June 23

قتل، عصمت دری، فسادات، مخالفین کو دھمکیاں، مہاراشٹر میں شندے فڈنویس کا جنگل راج: نانا پٹولے

کیا اپوزیشن لیڈروں کو ختم کرنا اس نامرد حکومت کی پالیسی ہے؟

لاء اینڈ آرڈر نہیں سنبھال سکتے تو اقتدار چھوڑ ئے، ہماری حکومت آئے گی تو مجرموں اور فسادیوں کو دھاگے کی طرح سیدھا کردیں گے

ممبئی: گزشتہ کچھ دنوں سے ریاست کے مختلف حصوں سے روزانہ قتل، عصمت دری، فسادات، مخالفین کو دھمکیاں، اپوزیشن لیڈروں پر حملوں کی خبریں آرہی ہیں۔ ریاستی دارالحکومت اور محفوظ شہر سمجھے جانے والے ممبئی اور اس کے آس پاس روزانہ عصمت دری اور قتل کے واقعات ہو رہے ہیں۔ کیا اب اپوزیشن لیڈروں کو کھلے عام جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں؟ ریاستی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ مہاراشٹر میں لاء اینڈ آرڈر کا نہیں بلکہ شندے-فڈنویس کا جنگل راج چل رہا ہے۔

اس ضمن میں مزید بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر یہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا مہاراشٹر میں ریاستی حکومت موجود ہے؟ کیا ریاست میں وزیر داخلہ اپنا کام ٹھیک سے کر رہے ہیں؟ ریاست کی صورتحال اس قدر مخدوش ہے کہ عوام کے ذہنوں میں ایسے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ریاست کے مختلف حصوں سے قتل، عصمت دری، ڈکیتی، فسادات، مخالفین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، اپوزیشن لیڈروں پر حملوں کی خبریں آرہی ہیں۔ گزشتہ تین ماہ میں ریاست کے دس شہروں میں فسادات ہوئے ہیں۔ آئے دن مختلف شہروں سے کشیدگی کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ حکومت کی پشت پناہی سے حکمراں پارٹی کے لیڈر جان بوجھ کر ریاست میں مذہبی انتشار پیدا کرکے مہاراشٹر میں آگ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان فسادیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے بجائے پولیس خاموش بیٹھی ہے، جب کہ غنڈے اور سماج دشمن عناصر روزانہ مہاراشٹر کی عزت پر حملہ کر رہے ہیں۔

ناناپٹولے نے کہا کہ اب اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کو گولی مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ حکومت کے خلاف بولنا بند کرو، ورنہ تمہاری حالت دابھولکر جیسی ہو گی۔ پھلے، شاہو اور امبیڈکر کے نظریات والے مہاراشٹر میں ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔جن لوگوں نے نریندر دابھولکر اور کامریڈ پنسارے کو قتل کیا وہ اب جمہوریت پر یقین رکھنے والے ترقی پسند نظریات کی حامل اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کو مارنے کی بات کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے تو اس حکومت کو نامرد تک کہہ دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے فیصلے نے اس حکومت کی نااہلی پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ اگر یہ حکومت امن و امان برقرار نہیں رکھ سکتی تو مستعفی ہو کر گھر بیٹھ جائے۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ہم 24 گھنٹے کے اندر مجرموں اور فسادیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور ایسے لوگوں کو دھاگے کی طرح سیدھا کر دیں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading