MPCC Urdu News 26 July 25

آئی ٹی صنعت کا ریاست کے باہر جانا حکومت کی نااہلی کا نتیجہ، اجیت پوار کو فوری استعفیٰ دینا چاہیے: ہرش وردھن سپکال

مہاراشٹر میں صنعتی زوال، بے روزگاری، اور بدعنوانی کے لیے بی جے پی-شندے-فڈنویس حکومت ذمہ دار

ممبئی: 26 جولائی 2025

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے آج حکومت مہاراشٹر اور خاص طور پر نائب وزیر اعلیٰ و پونے کے نگراں وزیر اجیت پوار پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کی نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے پونے جیسے اہم شہر کا آئی ٹی سیکٹر رفتہ رفتہ بنگلور اور حیدرآباد منتقل ہو رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب خود اجیت پوار اس حقیقت کو تسلیم کر رہے ہیں، تو کیا وہ اور حکومت کے دیگر ذمہ داران اُس وقت تک سو رہے تھے؟ انہوں نے اس زبردست ناکامی کی اخلاقی ذمہ داری لیتے ہوئے اجیت پوار سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا۔

سپکال نے کہا کہ پونے ہمیشہ سے مہاراشٹر کا صنعتی، ثقافتی اور سیاسی مرکز رہا ہے، لیکن آج شہر کی عظمت قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ کویتا گینگ، منشیات کا کاروبار، بارش میں شہروں کا ڈوب جانا اور بدترین ٹریفک نے پونے کی صنعتوں کا دم گھونٹ دیا ہے۔ قانون و انتظام کی تباہی، بی جے پی حکومت کے وزراء کی بدعنوانی اور غنڈہ گردی نے صنعتکاروں کو مایوس کر دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ مہاراشٹر چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف موجودہ صنعتیں مہاراشٹر سے جا رہی ہیں، بلکہ جو منصوبے آ سکتے تھے، جیسے ویدانتا-فاکسکان، وہ بھی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے گجرات چلے گئے۔ یہ منصوبہ 1.6 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور 2 لاکھ روزگار کے مواقع کے ساتھ مہاراشٹر کے لیے ایک سنہرا موقع تھا، لیکن بی جے پی حکومت نے اسے گنوا دیا۔

سپکال نے زور دے کر کہا کہ اب جبکہ خود نائب وزیر اعلیٰ یہ مان رہے ہیں کہ صنعتیں مہاراشٹر چھوڑ رہی ہیں، تو حکومت کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ آخر وہ کون سی وجوہات ہیں جن کی بنا پر سرمایہ کار مہاراشٹر سے منہ موڑ رہے ہیں؟

انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ صرف پونے ہی نہیں بلکہ ناسک، چھترپتی سمبھاجی نگر، ناگپور اور ممبئی جیسے شہر بھی صنعتی طور پر زوال کا شکار ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار نہیں، کسانوں کو ان کی فصل کا دام نہیں، خودکشیوں کا سلسلہ جاری ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، اور دوسری طرف حکومت کے وزراء صرف مذہبی نفرت پھیلا کر اور ’کھوکے‘ کی سیاست سے اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں۔

ہرش وردھن سپکال نے بی جے پی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کو ایک ایسی ’آقا و کھوکے‘ کلچر میں دھکیل دیا گیا ہے، جو اسے مکمل تباہی کی طرف لے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر نے اس سے زیادہ کرپٹ، ناکارہ اور بے شرم حکومت کبھی نہیں دیکھی۔

MPCC Urdu News 26 July 25.docx

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading