کانگریس کا مہاوکاس اگھاڑی حکومت کوحمایت جاری، اکثریت مہاوکاس اگھاڑی کے پاس: ناناپٹولے

0 52

مہاراشٹر میں سیاسی مہابھارت کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ

ممبءی: ریاست میں جاری سیاسی عدم استحکام کی ذمہ دار بھارتیہ جنتا پارٹی ہے۔ ای ڈی سے خوفزدہ کرکے بی جے پی کی حکومت گرانے کی کوشش ہے لیکن اکثریت آج بھی ادھوٹھاکرے کے پاس ہے اور مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو کانگریس کی حمایت جاری ہے۔ یہ وضاحت آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔

سہیادری گیسٹ ہاوس میں کانگریس پارٹی کی آج میٹنگ ہوءی جس میں ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور وخوض کیا گیا۔ اس میٹنگ میں مہاراشٹر کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل، ریاستی صدر ناناپٹولے، قانون ساز کانگریس پارٹی کے لیڈر اور وزیر محصول بالاصاحب تھورات، تعمیرات عامہ کے وزیر اشوک چوہان، سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، تواناءی کے وزیر نتن راوت، ڈیری ترقی اور حیوانات کے وزیر سنیل کیدار، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری سمپت کمار موجود تھے۔

میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوءے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ریاست میں مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو کوءی خطرہ نہیں ہے اور یہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی۔ ادھو ٹھاکرے کے پاس اب بھی اکثریت ہے، اس لیے حکومت کو خطرہ نہیں ہے۔ شیو سینا میں جو چل رہا ہے وہ جلد ہی رک جاءے گا۔ کانگریس پارٹی مہا وکاس اگھاڑی کے ساتھ ہے۔ لیکن بی جے پی ای ڈی کا خوف دکھا کر حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ریاست میں سیاسی مہابھارت کے پیچھے بی جے پی کا ہاتھ ہے۔ ابھی بی جے پی کے پاس درکاراکثریت نہیں ہے۔ یہ سب بی جے پی کر رہی ہے لیکن وہ آگے نہیں آ رہی ہے۔ بی جے پی حکومت کا تختہ الٹنے کی کتنی ہی کوشش کرلے لیکن اسے کامیابی نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس صدر سونیا گاندھی نے 2019 میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے اس حکومت کی تشکیل کو منظوری دی تھی۔کامن مینیمم پروگرام کی بنیاد پر اس حکومت کو کانگریس نے حمایت دی ہے اور یہ حمایت جاری رہے گی۔