ناندیڑ، 18 اپریل (ورق تازہ نیوز): ناندیڑ ضلع میں عمرہ کے نام پر زائرین کو دھوکہ دینے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تازہ معاملہ اردھاپور سے سامنے آیا ہے جہاں دو افراد نے مکہ و مدینہ کی زیارت کروانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہڑپ کر لیے۔پولیس کے مطابق یہ واردات 24 مئی 2025 سے 2 ستمبر 2025 کے درمیان پیش آئی، جس میں ملزمان سہیل احمد خان اور آفرین خان (دونوں ساکنان بدپورہ، ضلع اکولا) نے باہمی سازباز کے تحت کئی افراد کو عمرہ کروانے کا وعدہ کیا۔
ملزمان نے متاثرین سے بینک آف بڑودہ کے اکاؤنٹ اور فون پے کے ذریعے مرحلہ وار کل 16 لاکھ 10 ہزار 100 روپے وصول کیے، تاہم نہ تو سفر کا کوئی انتظام کیا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔اس معاملے میں اردھاپور کے رہائشی شیخ عتیق الرحمن (عمر 35 سال) کی شکایت پر پولیس اسٹیشن اردھاپور میں مقدمہ نمبر 202/2026 بی این ایس 2023 کی دفعات 318(4) اور 3(5) کے تحت درج کیا گیا ہے۔ کیس کی تفتیش پولیس سب انسپکٹر بھوسلے کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ناندیڑ شہر اور اطراف میں اس طرح کے کئی معاملات سامنے آ رہے ہیں، جہاں نام نہاد ٹور آپریٹرز عمرہ کے نام پر عوام کو لوٹ کر فرار ہو رہے ہیں۔ بعض کیسز میں تو ملزمان دفاتر بند کر کے اچانک غائب ہو گئے، جس سے درجنوں خاندان مالی نقصان اور ذہنی اذیت کا شکار ہوئے ہیں۔شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے فرضی ٹور آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کو دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے باضابطہ نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔ پولیس نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ٹور یا عمرہ پیکیج لینے سے پہلے متعلقہ ادارے کی مکمل جانچ پڑتال ضرور کریں تاکہ اس طرح کے فراڈ سے بچا جا سکے۔