ناندیڑ، 19 اپریل ۔ (ورق تازہ نیوز)ناندیڑ ضلع کے اردھاپور علاقے میں غیر قانونی جوا کھیلنے والوں کے خلاف پولیس کی خصوصی ٹیم نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان ضبط کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ناندیڑ رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل شاہ جی اُماپ کی ہدایت پر علاقے میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ضلع میں روانہ کیا گیا تھا۔
18 اپریل 2026 کو مذکورہ ٹیم نے اردھاپور کے عمر کالونی میں ایک کھلے مقام پر جاری جوا کے اڈے پر چھاپہ مارا۔ پولیس کی آمد کی اطلاع ملتے ہی کئی جواری موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تاہم چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 10 ہزار 300 روپے نقد، جوا کا سامان اور 12 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 6 لاکھ 60 ہزار 300 روپے بتائی گئی ہے۔
اس سلسلے میں اردھاپور پولیس تھانے میں مقدمہ نمبر 207/2026 درج کرتے ہوئے مہاراشٹر جوا ایکٹ کی دفعہ 12 (الف) کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ مزید تفتیش پولیس اہلکار بودیمواڑ کے سپرد کر دی گئی ہے۔
اس کامیاب کارروائی میں پولیس سب انسپکٹر پنکج انگلے کے علاوہ پردیپ خانسولے، سنجیو جِنکلواڑ، گنیش دھومال اور کاماجی گاولی نے حصہ لیا۔ ڈی آئی جی شاہ جی اُماپ نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔
عوام سے اپیل:
پولیس کی جانب سے غیر قانونی کاروبار کے خاتمے کے لیے "خبر” ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ شہری اپنے علاقے میں جاری غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع موبائل نمبر 9150100100 پر کال یا واٹس ایپ کے ذریعے دے سکتے ہیں۔