ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی سنگین غفلت، دیگلور ناکہ علاقہ میں چار معصوم بچوں کی موت — شہر سوگ میں ڈوبا

ناندیڑ :16 اپریل : (ورق تازہ نیوز)مہاراشٹر کے ناندیڑ شہر سے ایک نہایت افسوسناک اور دل کو جھنجھوڑ دینے والی خبر سامنے آئی ہے، جہاں چار معصوم بچوں کی موت نے پورے شہر کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔ یہ المناک واقعہ شہر کے دیگلور ناکہ علاقے میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق، میونسپل کارپوریشن کی جانب سے علاقے میں نالے کی تعمیر کا کام جاری تھا۔ اس دوران بڑے بڑے گڑھے کھودے گئے تھے، جن میں بارش یا نالے کا پانی جمع ہو گیا تھا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ان گڑھوں کے اطراف نہ تو کوئی حفاظتی دیوار بنائی گئی تھی اور نہ ہی کوئی انتباہی بورڈ نصب کیا گیا تھا۔

مقامی ذرائع کے مطابق، بچے قریب ہی کھیل رہے تھے کہ اچانک وہ ان گڑھوں میں جمع پانی میں گر گئے اور ڈوبنے کے باعث ان کی موت ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت محمد عدنان محمد فیروز (10 سال)، محمد علی محمد ادریس (13 سال)، سید عرفان سید فیروز (13 سال) اور ایان ابراہیم باغبان (11 سال) کے طور پر ہوئی ہے،

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے، لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ اس افسوسناک سانحے کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور میونسپل انتظامیہ کی غفلت پر سخت سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

مقامی افراد کا الزام ہے کہ ٹھیکیدار نے کھودے گئے گڑھوں کو بغیر کسی حفاظتی انتظام کے کھلا چھوڑ دیا، جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اب شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس واقعے کے ذمہ دار افسران اور ٹھیکیدار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور ان پر مجرمانہ غفلت کا مقدمہ درج کیا جائے۔اسکے علاوہ معاوضہ دینے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے

یہ واقعہ شہری ترقیاتی کاموں میں حفاظتی اقدامات کی سنگین کمی کو ظاہر کرتا ہے اور انتظامیہ کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading