MPCC Urdu News 23 July 25

بی جے پی حکومت نے مہاراشٹر کو تماشا بنا دیا ہے: ایوان کے اندر ’رَمی‘ اور باہر WWF کی کشتی: ہرش وردھن سپکال

گھریلو وزیرِ مملکت کی ماں کے نام پر چل رہا ہے ڈانس بار، ریاست میں نظم و نسق کا نظام تباہ ہو چکا ہے

ممبئی: مہاراشٹر کبھی یشونت راؤ چوہان، ولاس راؤ دیشمکھ اور پرتھوی راج چوہان جیسے قدآور سیاسی لیڈروں کی قیادت میں اپنی خوشحال سیاسی ثقافت کے لیے جانا جاتا تھا، لیکن گزشتہ دس برسوں میں بی جے پی نے اس عظیم ریاست کو ایک مضحکہ خیز تماشہ بنا کر رکھ دیا ہے۔ ایوانِ اسمبلی کے اندر تاش (رَمی) کے کھیلا جا رہا ہے تو باہر WWE طرز کی سیاسی کشتی ہو رہی ہے۔ اس زوال پذیر صورتِ حال کا ذمہ دار اگر کوئی ہے تو وہ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس ہیں، جن کی قیادت میں مہاراشٹر مسلسل گراوٹ کی طرف جا رہا ہے۔ یہ سخت الزامات مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے عائد کیے ہیں۔

ہرش وردھن سپکال نے بی جے پی اور اس کی اتحادی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوری اقدار پر یقین نہیں رکھتی، بلکہ ’ہم جو کریں وہی قانون‘ کے اصول پر کام کر رہی ہے۔ ایک وزیر کے گھر سے نقدی سے بھرا بیگ برآمد ہوتا ہے، دوسرا وزیر اسمبلی اجلاس کے دوران تاش کھیلتا ہے اور وزیرِ داخلہ برائے ریاست کی والدہ کے نام پر ممبئی میں ڈانس بار کھلے عام چلایا جا رہا ہے۔ ان وزیروں کو فوری طور پر برطرف کیا جانا چاہیے، لیکن وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس مکمل طور پر بےبس اور خاموش نظر آتے ہیں۔

سپکال کے مطابق ریاست میں نظم و نسق کی حالت تباہی کے دہانے پر ہے۔ خواتین کی سلامتی خطرے میں ہے اور خواتین پر مظالم کے واقعات میں بے تحاشا اضافہ ہو رہا ہے۔ گجرات سے منشیات اسمگل کر کے مہاراشٹر میں نوجوان نسل کو نشے کی دلدل میں جھونکا جا رہا ہے۔ آکا گینگ اور کویتا گینگ جیسے مجرم کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں، غیر قانونی کاروبار عروج پر ہیں اور پولیس کا کوئی خوف باقی نہیں بچا۔ سپکال نے کہا کہ یہ سب کچھ دیویندر فڑنویس کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے غنڈہ گردی، بدنظمی اور بدعنوانی کو ریاست کی شناخت بنا دیا ہے۔

ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سپکال نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کو ان کی یوم پیدائش پر شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کی جانب سے دی گئی مبارکباد کو سیاسی اشارہ یا کوئی خفیہ پیغام تصور نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کی سیاسی ثقافت ہمیشہ نظریاتی اختلافات کو احترام کے دائرے میں رکھتی آئی ہے۔ یہاں سیاسی مخالفین کو دشمن نہیں بلکہ سیاسی حریف سمجھا جاتا ہے اور سیاسی جنگ ہمیشہ نظریے کے میدان میں لڑی جاتی ہے، سازشوں یا جذباتی نعروں کے ذریعے نہیں۔ لہٰذا اس طرح کی مبارکبادوں سے کوئی سیاسی اتحاد یا تبدیلی کی قیاس آرائی کرنا بے بنیاد ہے۔

مہاراشٹر کانگریس کمیٹی جانب سے ملکارجن کھڑگے کی یومِ پیدائش کا جوش و خروش کے ساتھ انعقاد

پارٹی کی قیادت، عوامی خدمات اور آئینی اقدار سے وابستگی کو خراجِ تحسین

ممبئی: مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور ملک کی سینئر ترین سیاسی قیادت میں شامل ملکارجن کھڑگے کی یومِ پیدائش کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد ممبئی کے تلک بھون میں کیا گیا، جہاں پارٹی کے سینکڑوں کارکنان، عہدیداران اور سینئر رہنماؤں نے شرکت کرتے ہوئے انہیں نیک تمنائیں پیش کیں اور ان کی صحت، دراز عمری اور عوامی جدوجہد کے لیے دعائیں کیں۔ اس موقع پر روایتی کیک کاٹا گیا اور ان کی عوامی خدمات و قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کے نائب صدر ایڈوکیٹ گنیش پاٹل، جنرل سیکریٹری راجن بھوسلے، سینئر لیڈر مناف حکیم، دتا ناندے، پانڈورنگ چالکے، راگھویندر شکلا، زمیندار یادو کے علاوہ درجنوں پارٹی کارکنان نے جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ تمام مقررین نے ملکارجن کھڑگے کی عوامی زندگی، سیاسی استقامت اور محروم طبقات کی نمائندگی میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں موجودہ ہندوستانی سیاست میں آئینی اصولوں، جمہوری روایات اور سماجی انصاف کی علامت قرار دیا۔

اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر مناف حکیم نے کہا کہ ملکارجن کھڑگے نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق، اور جمہوری اداروں کے تحفظ کے لیے جو جدوجہد کی ہے، وہ آج کے سیاسی حالات میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ان کی قیادت میں کانگریس پارٹی نے ایک نئی سمت حاصل کی ہے، جہاں ایک طرف اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، وہیں دوسری طرف بی جے پی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مضبوط آواز بھی اُٹھائی جا رہی ہے۔ جبکہ گنیش پاٹل نے کہا کہ ملک ارجن کھڑگے نہ صرف ایک تجربہ کار رہنما ہیں بلکہ وہ ان چند سیاست دانوں میں سے ہیں جو زمینی سطح پر عوام سے جُڑے ہوئے ہیں، اور جنہوں نے اپنی زندگی کو عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھا ہے۔ ان کی قیادت میں پارٹی کے استحکام، سیکولر اقدار کے فروغ، اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

تقریب کے اختتام پر تمام کارکنان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملکارجن کھڑگے کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور مہاراشٹر سمیت پورے ملک میں کانگریس کے نظریات، پالیسیوں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید مؤثر طریقے سے آگے بڑھائیں گے۔

MPCC Urdu News 23 July 25.docx

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading