لوک مانیہ تلک کے یومِ پیدائش پر کانگریس کا خراجِ عقیدت
(آفتاب شیخ)
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے عظیم مجاہد آزادی، سماجی رہنما اور قومی حمیت کے علمبردار لوک مانیہ بال گنگادھر تلک کے یومِ پیدائش کے موقع پر ایک باوقار پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریاستی نائب صدر ایڈوکیٹ گنیش پاٹل نے تلک کی تصویر پر پھول نذر کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈ گنیش پاٹل نے کہا کہ "لوک مانیہ تلک نے ہندوستانی عوام کو حقیقی قوم پرستی کا منتر دیا اور کانگریس پارٹی کی تحریکِ آزادی کو ایک انقلابی جہت عطا کی۔ انہوں نے یہ باور کرایا کہ برطانوی راج کے تحت پوری قوم غلام اور مظلوم ہے، اور اسی احساس سے آزادی کی جدوجہد کا آغاز ہوا۔ ہمیں ان کے نظریات اور خدمات کو سمجھنے اور اپنانے کی ضرورت ہے، تاکہ پارٹی کی تنظیم کو نئی طاقت دی جا سکے۔"
پروگرام میں جنرل سیکریٹری مناف حکیم کے علاوہ دتا نندے، شری رنگ برگے، زمیندار یادو، راگھویندر شکلا، نیلکمل جیسوال، دھرمیندر پٹیل، ملند کیسرکر، وکاس شکلا، سنتوش پانڈے، مارشل کولی اور سنجے باوکر سمیت دیگر کارکنان و عہدیداران بھی موجود تھے۔
