مہاراشٹر میں ایک کروڑ ڈیجیٹل ممبر رجسٹریشن کا ہدف حاصل کیجئے : ایچ کے پاٹل
ڈیجیٹل ممبر رجسٹریشن کے ذریعے کانگریس خاندان کا دائرہ بڑھائیے: نانا پٹولے
ریاست میں زیادہ سے زیادہ ممبربناکر کانگریس کودوبارہ بلند مقام پر پہونچائیں گے: بالاصاحب تھورات
ممبئی:آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ذریعہ شروع کی گئی ڈیجیٹل ممبر رجسٹریشن مہم مہاراشٹر میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔ ملک کے آئین کو خطرہ لاحق ہے اور اس کے تحفظ کی جدوجہد میں کانگریس کو اہم رول ادا کرنا ہے۔ اس کے لیے زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹل ممبران کا اندراج کر کے کانگریس پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط کریں۔یہ اپیل آج یہاں سابق مرکزی وزیر اور ریاستی الیکشن انچارج پلم راجو نے کی ہے۔
کانگریس کے صدر دفتر واقع تلک بھون میں آج ڈیجٹیل ممبررجسٹریشن مہم کے تحت سابق مرکزی وزیر، ریاستی انتخابی انچارج پلم راجو ، ریاستی کانگریس کے انچارج ایچ کے پاٹل، قانون ساز پارٹی کے لیڈرو وزیر محصول بالا صاحب تھورات کی موجودگی میں اور ریاستی صدر نانا پٹولے کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں سابق وزیر اعلیٰ ایم ایل اے پرتھوی راج چوہان، وزیر توانائی ڈاکٹر نتن راوٴت، ریاستی ورکنگ صدرنسیم خان ، چندرکانت ہنڈورے ،کنال پاٹل، پرنیتی شندے، ریاستی نائب صدر حسین دلوائی، موہن جوشی، کمانڈر کلاوت، مہیلا کانگریس کی ریاستی صدر سندھیاتائی سوالا کھے، سیوادل کے ریاستی صدر ولاس اوتاڈے، سوشل میڈیا کے ریاستی سربراہ وشال متیموار، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اور ریاستی نائب انچارج آشیش دووا ، سونل پٹیل، بی ایم سندیپ، سمپت کمار، ریاستی جنرل سکریٹری اور چیف ترجمان اتل لونڈھے، سابق وزیر رمیش باگوے، تنظیمی امور کے جنرل سکریٹری دیوآنند پوار، پرمود مورے، راجن بھوسلے، مناف حکیم، رام چندر دلوی، بھاونا جین، ایم ایل اے سنگرام تھوپٹے، ایم ایل اے وکاس ٹھاکرے، ایم ایل اے وجاہت مرزااورایم ایل اے امیت جھنک سمیت ریاست بھر کے سرکردہ عہدیداران موجود تھے۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ریاستی انچارج ایچ کے پاٹل نے کہا کہ پارٹیوں کے اندرانتخابی عمل کے لئے ڈیجیٹل ممبر سازی نہایت اہم ہے۔ ملک گیر سطح پر جاری اس مہم میں مہاراشٹرکبھی پیچھے نہیں رہے گا۔ تینوں زرعی قوانین کے خلاف تحریک میں مہاراشٹر نے۶۵ لاکھ کسانوں کی دستخط لے کر ملک بھر میں اول نمبر حاصل کیا تھا۔ ڈیجیٹل ممبر سازی مہم میں بھی مہاراشٹر کم از کم ایک کروڑ ممبران کا اندراج کر کے ملک کی سرفہرست ریاست بن جائے گی۔
ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ملک میں کانگریس پارٹی کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے۔ ملک کی موجودہ صورتحال ہم سب دیکھ رہے ہیں۔ ملک اس وقت ایک بڑے بحران سے گزر رہا ہے۔ کانگریس نے ملک کو آزادی دلاتے ہوئے ملک کی تعمیر میں اہم رول ادا کیا ۔ اس وقت بھی کانگریس پارٹی کو ملک، جمہوریت اور آئین کو بچانے کے لیے اپنی طاقت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل ممبر رجسٹریشن مہم میں پارٹی کے تمام لیڈران اور عہدیداروں کی فعال شرکت سے ہم مقررہ اہداف کو بروقت حاصل کریں گے۔ پٹولے نے کہا کہ ہمارے پاس گھر گھر جا کر کانگریس پارٹی کی رسائی کو بڑھانے کا موقع ہے اور ہم سب اس میں کامیاب ہوں گے۔
وزیرمحصول بالاصاحب تھورات نے کہاکہ ریاست میں لوگوں کا ایک بڑا طبقہ کانگریس کی نظریات پریقین رکھتا ہے، ہمیں ان تک پہنچنے کی ضرورت ہے اور یہ مہم انہیں ایک ساتھ لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔اگر ہم روزانہ اس مہم پر عمل کریں تو مقررہ وقت میں ہدف تک پہنچ سکتے ہیں۔ ڈیجیٹل ممبر رجسٹریشن مہم کے ذریعے ہمارے پاس ایک بہترین موقع ہے کہ کانگریس کے نظریات کو گھر گھرپہونچائیں۔سابق وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی 137 سال کی تاریخ ہے اور پارٹی کی تاریخ میں پہلی بار جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ممبران کا اندراج کیا جا رہا ہے۔ اگر ہم ملک کو بی جے پی کے چنگل سے بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں کانگریس پارٹی کی طاقت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہم ممبران رجسٹریشن مہم کے ذریعے پارٹی کےتنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط کرکے اس مہم کو کامیاب بناسکتے ہیں۔
نانا پٹولے کو ریاستی صدر کا عہدہ سنبھالے ایک سال مکمل ہوگیا۔ان کی قیادت میں ریاستی کانگریس نے ایک سال میں جو کام کیا اس کی معلومات ریاستی جنرل سکریٹری وترجمان اتل لونڈھے نے لوگوں کے سامنے پیش کیا اور اس سے متعلق ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔اس پروگرام کی نظامت بھا۔ای نگرالے نے کی جبکہ سوشل میڈیا کے ریاستی سربراہ وشال متیموار نے ڈیجیٹل ممبرشپ مہم کے بارے میں معلومات دیں۔