تھنجاور، 12 فروری (یو این آئی) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ہفتہ کو تمل ناڈو کے تھنجاور قصبے میں تین افراد کے گھروں کی تلاشی لی جن کے ‘خلافت’ تحریک سے مشتبہ تعلق تھے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے کے اہلکاروں نے کیزواسال علاقے میں عبدالقادر (49) اور محمد یاسین (30) کے گھروں کی تلاشی لی، جب کہ ایک اور ٹیم نے کاویری نگر میں احمد (37) کے گھر پر چھاپہ مارا۔ تلاشی مہم کے دوران مقامی پولیس نے این آئی اے اہلکاروں کی مدد کی۔
این آئی اے کا تلاشی آپریشن تقریباً پانچ گھنٹوں تک جاری رہا۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ این آئی اے حکام نے کوئی دستاویزات برآمد کی ہیں یا نہیں۔کیزواسال علاقے میں این آئی اے کے چھاپے کے بعد کشیدگی کا ماحول ہے۔ کیونکہ بڑی تعداد میں جمع مقامی لوگوں نے این آئی اے کی تلاشی کی مخالفت کی اور نعرے لگائے۔ مظاہرین نے تحقیقاتی ایجنسی پر بغیر کسی ثبوت کے تلاشی لینے کا الزام لگایا۔ عوام کے احتجاج کے پیش نظر احتیاطی اقدام کے طور پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔ بعد ازاں پولیس کے اعلیٰ حکام نے مظاہرین سے بات چیت کی اور حالات معمول پر آ گئے۔
واضح رہے کہ این آئی اے نے گزشتہ سال 16 ستمبر کو تریوورور میں بابا بہر الدین عرف منائی بابا کو مدورائی کے محمد اقبال اور دیگر کے ساتھ ملک میں اسلامک اسٹیٹ/خلافت تحریک قائم کرنے کی بنیاد پرست تنظیم حزب التحریر کے نام پر سازش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔