`✍️:پرویز نادر`
آیوش ملک نے اسلام قبول کرکے اپنا نام محمد علی رکھ لیا۔ کسی نے محمد علی کو نماز پڑھتے دیکھا اور ان کے والدین کو مطلع کردیا۔ پھر کیا تھا، گودی میڈیا اور اسلاموفوبیا کے شکار معاشرے نے محمد علی سے منسلک سبھی مسلمانوں کو مجرم بنادیا اور محمد علی کو دوبارہ آیوش ملک بنانے کے لیے اپنی پوری طاقت لگا دی۔ جبراً پوجا پاٹ کروائی گئی، داڑھی منڈھوائی گئی، اس کی ویڈیو وائرل کرکے اپنی فتح کا جشن منایا گیا اور محمد علی کو منظر سے غائب کردیا گیا؛ بلکہ یوں کہیے کہ یرغمال بناکر رکھ دیا گیا۔
تاریخ نے اس منظر کو پہلے بھی اپنی کتابوں میں محفوظ کر رکھا ہے۔ کفر نے جب اپنی انا اور باپ دادا کے مذہب کے پُرفریب طلسم کو ٹوٹتے دیکھا تو تلملا اٹھا اور حضرت مصعب بن عمیرؓ کو ان کی والدہ، والد اور چچا نے گھر میں باندھ کر رکھ دیا۔
مصعب بن عمیرؓ بھی آج کے آیوش ملک ہی کی طرح آسودہ حال اور ناز و نعم میں پلے بڑھے ہوئے، اپنے ماں باپ کے چہیتے بیٹے تھے، لیکن اسلام کی دولت سے مالا مال ہوتے ہی ساری دولت اور لاڈ پیار سے محروم ہوگئے۔ دنیا کی ستم ظریفیوں اور کفر کی عائد کردہ پابندیوں کے باوجود وہ سرخرو ہوئے اور پیارے رسولؐ کے جوارِ رحمت میں پہنچے۔
دیکھیے، تاریخ نے پھر اس سبق کو آیوش ملک کی زندگی میں دہرایا۔ تقریباً ڈھائی ماہ کے طویل عرصے تک بندش اور یرغمال بنائے رکھنے کے بعد آخرکار اللہ نے ان کے آزاد ہونے کا فیصلہ فرماکر ساری دنیا کے سامنے محمد علی کو سرخرو کردیا اور بتادیا کہ جس دل میں ایمان گھر کرجائے، تو ساری طاقتیں مل کر بھی اگر اسے واپس کفر کی طرف لوٹنے پر مجبور کریں، تب بھی وہ مر جانے کو ترجیح دے گا، لیکن کفر کی طرف نہیں لوٹے گا۔
15 تاریخ ہی کی بات ہے، ایک معزز دوست نے مجھ سے پوچھا کہ سیرتِ رسولؐ کی روشنی میں موجودہ حالات کے لیے کیا رہنمائی ملتی ہے؟ میں نے سیرت کی کتابوں سے کچھ واقعات کے حوالے انہیں ارسال کردیے، لیکن انہوں نے اس بات پر اصرار کیا کہ سیرت کی روشنی میں جواب لکھ کر بھیجوں۔ چنانچہ میں نے سیرتِ رسولﷺ سے مکی دور کی روشنی میں ہندوستان کے تناظر میں تین نکات لکھے، جو درج ذیل ہیں:
سیرت کے حوالے سے موجودہ حالات میں یہ رہنمائی ملتی ہے کہ دعوتِ دین کا کام ببانگِ دہل ہونا چاہیے، آزمائش اور مصائب کا مقابلہ جوانمردی اور پوری استقامت کے ساتھ کرنا چاہیے، کسی بھی طرح کی کج فکری اور مداہنت کا مظاہرہ کیے بغیر کفر کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر حق بات کہنی چاہیے، جس طرح رسول اللہؐ نے کیا۔
آج داعیانِ دین کو اسی طرح خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے جس طرح آپؐ کو خریدنے کی کوشش کی گئی تھی۔ آج بھی مسلمانوں کو اسی طرح ظلم و ستم کا شکار بنایا جارہا ہے جس طرح حضرت بلالؓ، حضرت خبابؓ اور آلِ یاسرؓ کو بنایا گیا تھا۔ آج بھی اسلام کو اسی طرح اجنبی اور مضحکہ خیز بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جس طرح اس وقت مکہ میں کی گئی تھی۔
ان حالات میں سیرت کی روشنی میں تین صورتیں سمجھ میں آتی ہیں:
پہلی: آزمائش کا اسی انداز میں مقابلہ کرنا اور ایمان پر جمے رہنا، جیسے صحابۂ کرامؓ جمے رہے۔
دوسری: دعوت کا کام اسی اسپرٹ سے کیا جائے جس اسپرٹ سے خود رسول اللہؐ نے اور آپؐ کے اصحابؓ نے کیا۔
تیسری: یہاں سے ہجرت، جو آج کسی بھی صورت میں ممکن نہیں، اس لیے اوپر کے دو ہی راستے بچتے ہیں؛ یا تو ایمان پر ثابت قدم رہ کر دعوت و عزیمت کی راہ اختیار کی جائے، یا پھر چاپلوسی اور ارتداد کی زندگی کا انتخاب کیا جائے، جو خود ایک ذلت بھری زندگی کا انتخاب ہوگا۔
اس جواب کے دیے جانے کے ایک دن بعد ہی محمد علی (آیوش ملک) کی سرخروئی اور آزادی کی خوش خبری نے اس یقین کو مزید پختہ کردیا کہ مکہ کی طرح آج بھی مظلوم نو مسلم نوجوانوں کو ابتلا اور آزمائش کا شکار کرکے اسلام سے پھیرنے کی لاحاصل کوشش کی جارہی ہے۔ لیکن اس کے باوجود یہ نفس مطمئنہ اسلام کی تبلیغ و اشاعت کا حق ادا کررہے ہیں۔
اور ہم نسلی مسلمان اپنی گنہگار آنکھوں سے اپنے فرضِ منصبی کو نو مسلم مبلغین کے ذریعے پورا ہوتا دیکھیں گے اور اپنے حصے کی ذلت سمیٹ کر شاید اس دنیا سے رخصت ہوجائیں گے۔