بھیونڈی ( ایس اے ):- قرآن کو تجوید یعنی حروف کو اس کے مخرج اور صفات کے ساتھ ادا کرنا انتہائی ضروری ہے بغیر اس کے قرآن کو صحیح پڑھنا ممکن نہیں ہے اگر ایک حرف دوسرے حرف سے ممتاز نہ ہوا تو لفظ کا معنی بدل جائے گا اور ایسی صورت میں نماز فاسد ہوجائے گی۔قرآن میں فرمایا گیا ’’وَ رَتِّلِ الْقُرْاٰنَ تَرْتِیْلًا‘‘۔یعنی قرآن کو ترتیل کے ساتھ پڑھو۔حدیثوں میں بھی اس کی تاکید آئی ہے فقہا ء نے فرمایا ’’ من لم يُجَوِّدِ القُرآنَ آثِمُ ‘‘یعنی جو قرآن کو تجوید کے ساتھ نہیں پڑھتا وہ گنہگار ہے ۔
دراصل عربی زبان بڑی حساس زبان ہے اگر اس کی ادائیگی میں ذرا بھی کوتاہی کی جائے تو معنی بدل جاتے ہیں مثلا عربی میں بڑے قاف سے قل کے معنی ہیں کہو۔اب اگر کسی نے چھوٹے کاف سے کل کہہ دیا تو معنی ہونگے کھائو ۔قلب یعنی دل۔کلب یعنی کتا۔علیم یعنی علم والا ۔الیم یعنی دردناک ۔نظیر یعنی مشابہ۔نذیر یعنی ڈرانے والا۔عمل یعنی کام۔امل یعنی امید ۔اسی طرح أَنْعَمْتَ یعنی ت پر زبر ہوتو معنی ہونگے تونے انعام کیا۔اگر کسی نے أَنْعَمْتُ یعنی ت پر پیش پڑھ دیا تو معنی ہونگے میں نے انعام کیا اور فقہاء نے یہ اصول بیان کیا ہے کہ جب بھی نماز میں تلاوت میں ایسی غلطی ہوجائے جس سے معنی میں فساد آجائے تو نماز فاسد ہوجائے گی اسی لیے مجدد اسلام امام احمد رضا نے فرمایا کہ اتنی تجوید کہ ایک حرف دوسرے حرف سے ممتاز ہوجائے فرض ہے بغیر اس کے نماز باطل ہے یعنی ح اور ھ۔الف اور ع۔س اور ص ۔س اور ث۔ق اورک۔
مگر مسلمانوں کا حال یہ ہے وہ اللہ کی کتاب کو صحیح پڑھنا بھی نہیں جانتے اور علم تجوید سے بڑی غفلت برتی جارہی ہے۔اسی بات کے پیش نظر بھیونڈی کے مشہور عالم دین مولانا یوسف رضا قادری نے سنی جامع مسجد کوٹرگیٹ میں جمعہ میں خطاب کا سلسلہ موقوف کرکے مصلیوں کو علم تجوید سکھانے کا سلسلہ شروع کردیا۔جسے لوگ بہت پسند کررہے ہیں اور اس سے استفا دہ کر رہے ہیں ہر جمعہ کو با قاعدہ بورڈ پر حروف کے مخارج اور صفات لکھ کر سمجھا ئے جارہے ہیں اور لوگ معرفۃ التجوید نامی کتاب لے کر آتے ہیں اسی سے مخارج بتائے جارہے ہیں۔علم تجوید کو عام کرنے اور اسے زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لیے ایک واٹس اپ گروپ بھی بناگیا ہے جس کا نمبر یہ ہے Mob.9323270697لوگوں سے گذارش ہے اس گروپ اور اس سلسلے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔